مفتی منظور ضیائی کی اپیل۔ قربانی میں قانون۔ صفائی اور عوامی جذبات کا خیال رکھا جائے

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-05-2026
مفتی منظور ضیائی کی اپیل۔ قربانی میں قانون۔ صفائی اور عوامی جذبات کا خیال رکھا جائے
مفتی منظور ضیائی کی اپیل۔ قربانی میں قانون۔ صفائی اور عوامی جذبات کا خیال رکھا جائے

 



ممبئی::  عید الاضحی میں برادران وطن کے جذبات کا خیال رکھیں صفائی نفس ایمان ہے، اپنے مذہب کے اس پیغام کو بھی یاد رکھیں، قانون میں قربانی کے تعلق سے جو گائیڈ لائن جاری کی ہیں ، اس کی پابندی کریں

یہ پیغام  مہاراشٹر اور ممبئی کے مفتی اور انٹرنیشنل صوفی کارواں کے سربراہ مفتی منظور ضیائی نے دیا ہے،اپنے ایک اہم بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے جانور خریدتے وقت حکومت کی جاری کردہ گائیڈ لائنز اور مقامی سوسائٹی کے اصول و ضوابط کا مکمل خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس علاقے یا سوسائٹی میں آپ رہتے ہیں وہاں کے ماحول اور لوگوں کے جذبات کا احترام کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ آپ کے جانوروں یا آپ کے طرزِ عمل کی وجہ سے کسی کو تکلیف یا پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے تاکید کی کہ قربانی کے لیے کسی خاص جانور پر اصرار یا ضد کرنے کے بجائے ان جانوروں کا انتخاب کیا جائے جن کی اجازت شریعت اور قانون دونوں نے دی ہے۔ اللہ تعالیٰ اور رسولِ اکرم ﷺ نے قربانی کے لیے کئی متبادل عطا فرمائے ہیں، اس لیے آسانی اور حکمت کے ساتھ انہی جائز آپشنز سے فائدہ اٹھایا جائے۔

مفتی منظور ضیائی نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کی پابندی کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کیونکہ ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنا ہر شہری کا فرض ہے۔ قربانی کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا ہے نہ کہ دکھاوا یا کسی کے جذبات کو مجروح کرنا۔

انہوں نے لوگوں کو نصیحت کی کہ قربانی کے بعد خون آلود کپڑوں یا چھریوں کے ساتھ سڑکوں اور بازاروں میں نہ نکلیں بلکہ صفائی ستھرائی اور تہذیب کا مکمل خیال رکھیں تاکہ اسلامی تعلیمات کا خوبصورت پیغام عام ہو اور کسی کو اذیت محسوس نہ ہو۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ملک میں محبت، امن اور بھائی چارے کو فروغ عطا فرمائے۔