نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) طے کرتے وقت کاشتکاری کی اصل لاگت کے حوالے سے ریاستوں کی تجاویز کو اہمیت دینے سے متعلق ایک عرضی پر مرکزی حکومت اور دیگر فریقون سے جواب طلب کیا ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت اور جسٹس جوئمالیہ باگچی کی بنچ نے مرکز اور کمیشن فار ایگریکلچرل کاسٹس اینڈ پرائسز سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب مانگا۔ عرضی گزاروں کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل پرشانت بھوشن نے کہا کہ یہ عرضی ملک کے کسانوں سے جڑے ایک نہایت اہم مسئلے کو اجاگر کرتی ہے۔
عرضی میں حکام کو ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے کہ وہ کاشتکاری کی حقیقی لاگت کی بنیاد پر طے شدہ ایم ایس پی کے تحت اعلان کردہ تمام فصلوں کی مکمل خریداری کو یقینی بنائیں۔ عرضی میں یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ جو کسان اپنی فصلیں ایم ایس پی پر فروخت کرنا چاہتے ہیں، ان کی پیداوار کی مکمل خریداری یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔