سہارنپور (یو پی): سہارنپور ضلع میں کانگریس کے رکن پارلیمان عمران مسعود اور سماج وادی پارٹی (سپا) کے رکن اسمبلی شاہنواز خان کو گزشتہ جمعہ کو بَریلی میں ہونے والی ہنگامے کے بعد وہاں جانے سے پہلے ہی پولیس نے منگل دیر رات ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق سابق ایم پی کنور دانش علی کو بھی بریلی جانے سے پہلے ہی ان کے گھر میں نظربند کردیا گیا ہے۔ مسعود اور خان کے گھروں کے باہر منگل کی دیر شام سے ہی بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات رہی۔
رکن پارلیمان عمران مسعود نے بدھ کو اپنے رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’ہم گاندھی کے نظریے کے پکے ہیں۔ ہم دونوں صبح ساڑھے چھ بجے والی ٹرین سے بَریلی جا رہے تھے۔ وہاں ہمیں پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور دیگر افسران سے ملاقات کرنی تھی اور ہم ڈھائی بجے والی ٹرین سے واپس آتے۔ مگر ہمیں نظر بند کر کے ہمارا راستہ روک دیا گیا۔‘‘ مسعود نے کہا، ’’حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے مختلف حربے اپنا رہی ہے۔‘‘
اس سوال پر کہ انتظامیہ دلیل دے رہی ہے کہ سیاستدانوں کے بَریلی جانے سے وہاں غیر معمولی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، مسعود نے کہا، ’’حکومت اور پولیس نے خود وہاں غیر معمولی صورتحال پیدا کی ہے۔ حکومت مسلمانوں کو نشانہ بنا کر ان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ کیا ہمارے لیے ایک قانون ہوگا اور دوسروں کے لیے دوسرا؟‘‘ مسعود نے کہا کہ اگر ملک میں اس طرح کا ماحول برقرار رہا تو ہمیں ہوشیار رہنا ہوگا۔
رکن پارلیمان نے سوال اٹھایا، ’’فتح پور میں جس طرح مزار میں گھس کر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ ہوا، وہاں لوگ بیریکیڈ توڑ کر اندر گئے اور توڑ پھوڑ کی گئی — وہاں آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ مظفر نگر کی سڑکوں پر لوگوں نے ہوٹلز لوٹ لیے مگر وہاں بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ ایک لڑکا پوسٹر لے کر کھڑا ہو گیا تو کیا اُس کے ہاتھ پاؤں توڑ دینے چاہییں؟ اُس پوسٹر میں تو کسی کے لیے نفرت نہیں تھی۔‘‘