بیشتر ریاستوں نے لاک ڈاون میں توسیع کی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
خطرہ ابھی باقی ہے
خطرہ ابھی باقی ہے

 

 

نئی دہلی:ہندوستان میں ابھی کورونا کا قہر جاری ہے،کہیں اثر کم ہوگیا ہے تو کہیں نہیں۔لیکن اب حالات پہلے سے بہتر ہیں۔ کورونا کےکیسیز میں گراوٹ آرہی ہے۔بس ابھی ضرورت ہے احتیاط کی۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر ریاستوں نے لاک ڈاون میں اضافہ کیا ہے۔تاکہ سماجی فاصلہ کے ساتھ بھیڑ بھاڑ سے بچا جاسکے۔کل کیرالہ، تمل ناڈو، مہاراشٹر اور گوا نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر لاک ڈاؤن کا دیگر پابندیوں کو آئندہ پیر کے روز سے ایک ہفتہ یا 15 دنوں کے لئے آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں، دہلی، مدھیہ پردیش اور ہماچل پردیش نے لاک ڈاؤن میں توسیع کے ساتھ کچھ پابندیوں میں رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

 کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین نے ریاست میں نافذ پابندیوں میں 9 جون تک توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پدوچیری حکومت نے مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں لاک ڈاؤن کو 7 جون تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمل ناڈو میں لاک ڈاؤن میں پہلے ہی 7 جون تک توسیع کی جا چکی ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے کہا ہے کہ اگر لوگ تعاون کریں اور کورونا کے معاملہ میں تو لاک ڈاؤں میں توسیع کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کرناٹک حکومت نے لاک ڈاؤن کو 7 جون تک بڑھا دیا ہے۔

 حکومتِ مہاراشٹر 14 اپریل سے نافذ پابندیوں میں پہلے ہی 15 دنوں کی توسیع کر چکی ہے، اب یہ پابندیاں یکم جون کو ختم ہوں گی۔ ادھر، گوا کی حکومت نے ہفتہ کے روز کورونا کرفیو میں 7 جون تک کے لئے توسیع کر دی ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں لاک ڈاؤں کو ایک ہفتہ کے لئے بڑھا دیا گیا ہے، تاہم کچھ سرگرمیوں کو رعایت دی گئی ہے۔ ڈی ڈی ایم نے اس فیصلہ پر مہر ثبت کی۔ نئے حکم کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران تعمیری مقامات پر کارکنوں اور ملازمین کو جانے کی اجازت ہوگی لیکن انہیں آنے جانے کے لئے ای پاس حاصل کرنا ہوگا۔

 مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے کہا کہ ریاست میں کورونا کرفیو کی پابندیوں میں یکم جون سے مرحلہ وار چھوٹ دی جائے گی، تاہم لاک ڈاؤن لاگو رہے گا۔ انہوں نے گاؤں بلاک، وارڈ اور ضلع سطحی آفت انتظامی کمیٹیوں کی ہفتہ کی دیر شام کو ہونے والی میٹنگ میں بتایا کہ ریاست میں 5 فیصد سے زیاد اور کم والے علاقوں کے لئے ’ان لاک‘ کے حوالہ سے الگ الگ رہنما ہدایات جاری ہوں گی۔ وہیں ہماچل پردیش حکومت نے جمعہ کے روز ہی پابندیوں کو 7 جون تک بڑھانے کا اعلان کر دیا تھا۔

 شمال مشرقی ریاستوں نے بھی کورونا کے حوالہ سے نافذ العمل پابندیوں میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ ناگالینڈ میں لاک ڈاؤں 11 جون تک نافذ رہے گا۔ ایس طرح، اروناچل پردیش کے سات اضلاع میں 7 جون تک، منی پور میں 11 جون تک کرفیو نافذ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ میزورم نے آئیزول بلدیہ علاقہ میں پابندیوں کو 6 جون تک بڑھا دیا ہے۔ وہیں، میگھالیہ حکومت نے ایسٹ کھاسی ہلز علاقہ میں مکمل لاک ڈاؤن میں ایک ہفتہ کی توسیع کر دی ہے۔