نئی دہلی: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد، حتمی نتائج سے پہلے ایگزٹ پول کے اندازوں نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ میٹرائز (Matrize) کے ایگزٹ پول کے مطابق، مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی 15 سالہ حکومت ختم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
اس اندازے کے مطابق ریاست میں بی جے پی اکثریت کے جادویی ہندسے کو پار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ میٹرائز کے مطابق ریاست میں بی جے پی اور ٹی ایم سی کے درمیان سخت مقابلہ ہے، لیکن بی جے پی اکثریت حاصل کر سکتی ہے۔ دوسری جانب ممتا بنرجی کی ٹی ایم سی کی نشستیں تقریباً آدھی رہ سکتی ہیں۔ میٹرائز کے ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی کو 146 سے 161 نشستیں مل سکتی ہیں، جبکہ ٹی ایم سی کو 125 سے 140 نشستیں ملنے کا اندازہ ہے۔
دیگر کے حصے میں 6 سے 10 نشستیں جا سکتی ہیں، جن میں بائیں بازو کی جماعتیں اور کانگریس شامل ہیں۔ ریاست میں اکثریت کے لیے 148 نشستیں درکار ہیں۔ بی جے پی نہ صرف اپنی نشستوں میں اضافہ کرتی نظر آ رہی ہے بلکہ ووٹ شیئر میں بھی نمایاں بڑھوتری کے ساتھ اقتدار کی دوڑ میں آگے دکھائی دے رہی ہے۔ بی جے پی کو تقریباً 42 فیصد ووٹ ملنے کا اندازہ ہے، جبکہ ٹی ایم سی کو قریب 40 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔
دیگر جماعتوں کو 16 فیصد سے زائد ووٹ ملنے کی توقع ہے۔ ان سب کے درمیان پیپلز پلس وہ واحد ایجنسی ہے جس نے ٹی ایم سی کی مضبوط واپسی کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ اس کے اعداد و شمار کے مطابق، ٹی ایم سی 177 سے 187 نشستیں جیت کر دوبارہ حکومت بنا سکتی ہے، جبکہ بی جے پی کو 95 سے 110 نشستوں کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ دیگر کے حصے میں 1 سے 4 نشستیں جا سکتی ہیں۔
پرجا پول نے اپنے سروے میں بی جے پی کے لیے سب سے بڑی جیت کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے مطابق بی جے پی کو 178 سے 208 نشستوں کی بھاری اکثریت مل سکتی ہے، جو ایک بڑی سیاسی لہر کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے برعکس ٹی ایم سی کی کارکردگی گھٹ کر صرف 85 سے 110 نشستوں تک رہ سکتی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس پول میں دیگر جماعتوں کا کھاتہ بھی نہیں کھلتا دکھ رہا (0-0)۔
چانکیہ اسٹریٹیجیز کے اندازے کے مطابق بنگال میں بی جے پی اور ٹی ایم سی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، تاہم پلڑا بی جے پی کا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ یہاں بی جے پی کو 150 سے 160 نشستیں اور ٹی ایم سی کو 130 سے 140 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ ان اعداد و شمار کے مطابق دیگر جماعتوں کو 6 سے 10 نشستیں مل سکتی ہیں۔ آپ کو یاد دلا دیں کہ 2021 کے اسمبلی انتخابات میں ٹی ایم سی نے 215 نشستیں جیتی تھیں جبکہ بی جے پی نے 77 نشستیں حاصل کی تھیں۔ بائیں بازو اور کانگریس اتحاد صفر پر سمٹ گئے تھے۔
اس بار کے ایگزٹ پول میں بی جے پی کی نشستوں میں بڑا اضافہ (77 سے 146-161 تک) اور ٹی ایم سی کی بڑی کمی (215 سے 125-140 تک) کا اندازہ سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا رہا ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں کل نشستیں 294 ہیں جب کہ اکثریت کے لئے 148کی ضرورت ہے۔
اے آئی ٹی ایم سی (ٹی ایم سی) 291 نشستوں پر جب کہ بی جے پی 294 نشستوں پر اور کانگریس (INC) 292 نشستوں پر امیدوار اتارے ہیں۔ حتمی نتائج 4 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ تاہم، اس ایگزٹ پول نے ملک کی سیاست میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ کیا ممتا بنرجی کی 15 سالہ حکومت ختم ہونے والی ہے یا ٹی ایم سی دوبارہ واپسی کرے گی—یہ اس وقت کا سب سے بڑا سیاسی سوال ہے۔