یو پی میں 14 لاکھ سے زیادہ مویشیوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے: یوگی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-07-2025
یو پی  میں 14 لاکھ سے زیادہ مویشیوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے: یوگی
یو پی میں 14 لاکھ سے زیادہ مویشیوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے: یوگی

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ کسان کی خوشحالی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور ہندوستان میں زراعت اور مویشی پروری ہمیشہ ایک دوسرے سے جڑے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ وقت میں ریاستی حکومت کی گاؤشالاؤں یا حکومت سے امداد حاصل کرنے والے مویشی پالنے والوں کے ذریعے 14 لاکھ سے زائد گایوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو یہاں اندرا گاندھی پرتشتھان میں 'ہندوستان میں جانوروں کی نسلوں کی ترقی' ورکشاپ کا افتتاح کیا، جس میں انہوں نے گورکھپور کے مصنوعی تخم ریزی تربیتی ادارے اور مویشی پروری انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت ریاست میں تین منصوبوں (امیٹھی، بریلی اور متھرا) کا بٹن دبا کر افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ نے "کھرپکا-منہپکا" بیماری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مویشیوں کو اس بیماری سے آزاد بنا کر مویشی پالنے والوں کی زندگی میں خوشحالی لانے میں مدد کرے گی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جن لوگوں نے مقامی سطح پر دیسی طریقوں سے جانوروں کی نسل بہتر بنانے کی کوشش کی، انہیں کامیابی ملی، اور جہاں کوشش نہیں ہوئی، وہاں مویشی پروری بہت پیچھے رہ گئی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں بہت سی مقامی نسلیں ناپید ہونے کے خطرے میں ہیں، اگر ان پر توجہ دی جائے تو مویشی پالنے والوں کو ایک مستقل معاشی ذریعہ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جھانسی کے بالنئی، گورکھپور، آگرہ، کاشی سمیت پانچ دودھ پیدا کرنے والے یونینز کام کر رہے ہیں جن سے لاکھوں خواتین جڑی ہوئی ہیں۔ دودھ اکٹھا کر کے اس کی قدرو قیمت میں اضافہ کر کے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کی زندگی میں خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2017 تک جانوروں کی نسلوں میں وقت کے مطابق اصلاح نہیں ہوئی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں مویشی سڑکوں، کھیتوں اور ذبیحہ خانوں میں چلے جاتے تھے۔ اس کے بعد 2017 میں ’نر اشرت گو آشرے استھل‘ (بے سہارا گایوں کی پناہ گاہ) کی اسکیم بنائی گئی اور 2018 میں اسے نافذ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت 12 لاکھ گایوں کی دیکھ بھال اپنے پناہ گاہوں کے ذریعے کر رہی ہے۔ دوسری اسکیم ’سہ بھاگیتا یوجنا‘ کے تحت ہے، جس میں حکومت کسی بھی مویشی پالنے والے کو چار گایوں کی دیکھ بھال کے لیے ہر ماہ فی گائے 1500 روپے دیتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کیمیائی کھادوں اور زہریلے اسپرے کے ضرورت سے زیادہ استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینسر، گردے، اور جگر کی بڑھتی ہوئی بیماریاں بتاتی ہیں کہ ان کیمیکلز کا حد سے زیادہ استعمال ہو رہا ہے۔ قدرتی زندگی جینے کے لیے قدرتی کاشتکاری ضروری ہے، اور قدرتی کاشتکاری میں ہندوستانی نسل کی گایوں کا اہم کردار ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاست کے 27 اضلاع میں حکومت نے قدرتی کاشتکاری کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے، جس کے تحت بندیل کھنڈ کے تمام سات اضلاع میں قدرتی کاشتکاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔