بھارت میں اکتوبر تک اسپوٹنک سمیت 5 مزید کوویڈ ویکسین دستیاب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-04-2021
اسپوٹنک ویکسین
اسپوٹنک ویکسین

 

 

نئی دہلی

ملک کی بیشتر ریاستوں کی طرف سے کورونا ویکسین کی قلت ہونے کی تشویش ظاہر کئے جانے کی بعد مرکزی حکومت نے ویکسین کی پیداوار کو کئی گنا بڑھانے کے لئے کمر کس لی ہے۔ اعلی سرکاری ذرائع کے مطابق رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک ہندوستان کو پانچ اضافی دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے ویکسین ملیں گی۔ یاد رہے کہ ہندوستان اس وقت کوویشیلڈ اور کوویکسین نامی دو ویکسین تیار کر رہا ہے۔

اضافی ویکسین ڈوز تیار کرنے کی نئی حکمت عملی کے بارے میں بتاتے ہوئے حکومتی ذرائع نے بتایا کہ بھارت کے پاس اس وقت کورونا ویکسین کی دو قسمیں مقامی طور پر تیار کی جارہی ہیں: کوویشیلڈ اور کو ویکسین ، اور اس سال اکتوبر تک پانچ مزید ویکسینوں کی توقع کی جا سکتی ہے ۔ مختلف کلینیکل اور قبل از کلینیکل مراحل میں تقریبا بیس کوویڈ ۔19 ویکسینوں میں سے اسپوٹنک ویکسین کو پہلے منظوری مل جائے گی۔ اس کی توقع کی جارہی ہے کہ اگلے دس دن میں اسپوٹنک کو مکمل منظوری مل جائے ۔

روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) نے ویکسین کی خوراکوں کی تیاری کے لئے حیدرآباد میں مقیم ڈاکٹر ریڈی کی لیبارٹریز ، ہیٹرو بایوفارما ، گلینڈ فارما ، اسٹیلس بائیوفارما اور ویکرو بائیوٹیک جیسے ہندوستانی دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ ملک میں 850 ملین خوراک کی پیداواری گنجائش کے ساتھ ،اسپوٹنک کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں ایک کلیدی رول ادا کرے گی ۔