ہماچل پردیش میں مانسون نے مچائی تباہی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-07-2025
ہماچل پردیش میں مانسون نے مچائی تباہی
ہماچل پردیش میں مانسون نے مچائی تباہی

 



شملہ/ آواز دی وائس
ہماچل پردیش میں بدھ کے روز بھی مون سون کی تباہی جاری رہی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بادل پھٹنے کے 10 مزید واقعات سامنے آئے۔ اس دوران حکام نے دو مزید لاشیں برآمد کیں، جس کے بعد بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ہماچل پردیش کا منڈی ضلع ہوا ہے، جہاں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بادل پھٹنے کے کئی واقعات پیش آئے، جس کی وجہ سے علاقے میں شدید تباہی دیکھی گئی ہے۔ علاقے میں مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے دریائے بیاس کی سطح بھی خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث منڈی ضلع کو سیلاب کا بھی سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے جاری کیا ریڈ الرٹ
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی ) نے ریاست کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس میں آئندہ چند دنوں میں شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کی سخت وارننگ دی گئی ہے۔ حکام نے لوگوں کو ہوشیار رہنے اور حساس علاقوں کا سفر نہ کرنے کی سخت ہدایت دی ہے۔ منڈی کے تھونگ، کرسوگ کا کٹّی بائی پاس، کرسوگ کا پرانا بازار، کرسوگ کا رکّی، گوہر کے سیانج، گوہر کے بسی، گوہر کے تلوارا، دھرموپور کے سیاتی اور دھرموپور کے بھدرانا سمیت کئی علاقوں میں بادل پھٹنے سے بڑے نقصان کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
اب تک 51 افراد ہلاک
شدید بارش، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب بدھ کی صبح 10 بجے تک ہماچل پردیش کی 282 سڑکیں بند رہیں۔ اس کے علاوہ 1361 بجلی کے ٹرانسفارمرز اور 639 آبی فراہمی اسکیمیں متاثر ہوئیں۔ منڈی ضلع میں سب سے زیادہ 182 سڑکیں بند ہونے کی اطلاع ملی ہے، اس کے بعد کلو میں 37، شملہ میں 33 اور سرمور میں 12 سڑکیں بند ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 20 جون سے مون سون سیزن کے آغاز کے بعد سے لے کر یکم جولائی تک بادل پھٹنے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات میں 51 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ 103 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں 22 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔