پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہوگا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2026
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہوگا
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہوگا

 



نئی دہلی: پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے ہفتے کے روز اس کی اطلاع دی۔ 25 روزہ اس اجلاس میں مجموعی طور پر 19 نشستیں ہوں گی۔ یہ اجلاس مغربی بنگال، آسام اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کے بعد منعقد ہو رہا ہے۔

آنے والے اجلاس میں ترنمول کانگریس اور شیو سینا (ادھو ٹھاکرے دھڑا) میں ہونے والی بغاوت کے اثرات بھی دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے 20 اور شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) کے 6 ارکانِ پارلیمنٹ کو علیحدہ گروپ کے طور پر تسلیم کرنے سے متعلق درخواست پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کا فیصلہ ابھی آنا باقی ہے۔

ادھر راجیہ سبھا میں نومنتخب اور دوبارہ منتخب ہونے والے ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد ایوانِ بالا میں سیاسی توازن مزید حکمراں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے حق میں ہو گیا ہے۔ ترنمول کانگریس کے تین باغی ارکانِ راجیہ سبھا استعفیٰ دے چکے ہیں، اور ضمنی انتخابات کے بعد بی جے پی کی ایوانِ بالا میں طاقت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

کرن ریجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر بتایا کہ حکومت کی سفارش پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس 2026 کے لیے دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کے معاملات پر بامعنی بحث، تبادلۂ خیال اور فیصلوں کے لیے یہ اجلاس 20 جولائی سے شروع ہو کر 13 اگست تک جاری رہے گا۔