نئی دہلی: محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اطلاع دی ہے کہ جنوب مغربی مانسون ہفتہ کو کیرالہ پہنچ گیا، جو 2009 کے بعد پہلی بار اتنی جلدی ہندوستانی سرزمین پر آیا ہے۔ مانسون سال 2009 میں 23 مئی کو کیرالہ پہنچا تھا۔ عام طور پر جنوب مغربی مانسون یکم جون تک کیرالہ میں داخل ہوتا ہے اور آٹھ جولائی تک پورے ملک میں پھیل جاتا ہے۔
شمال مغربی ہند سے اس کی واپسی تقریباً 17 ستمبر سے شروع ہوتی ہے اور 15 اکتوبر تک مکمل ہو جاتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال مانسون 30 مئی کو، 2023 میں 8 جون کو، 2022 میں 29 مئی کو، 2021 میں 3 جون کو، 2020 میں یکم جون کو، 2019 میں 8 جون کو، اور 2018 میں 29 مئی کو کیرالہ پہنچا تھا۔
اس سلسلے میں ایک افسر نے بتایا کہ کیرالہ میں مانسون کے جلد یا دیر سے آنے کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ وہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اسی رفتار سے پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی سطح کی تبدیلی ہے جو عالمی، علاقائی اور مقامی عوامل سے طے ہوتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے اپریل میں اندازہ ظاہر کیا تھا کہ اس سال مانسون معمول سے زیادہ بارش لائے گا، جس سے ال نینو کی کیفیت کے امکانات مسترد ہو گئے تھے۔ ال نینو ایک ایسا موسمی نظام ہے جو برصغیر میں کم بارش سے وابستہ ہوتا ہے۔