متھرا: متھرا کے مشہور بانکے بہاری مندر میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب علی گڑھ کے جواہری، ابھیشیک اگروال، جو پھول بنگلہ کی سیوا کے لیے وہاں آئے تھے، ایک بندر کے ہاتھوں 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیروں سے بھرا بیگ چھن جانے کے بعد پریشانی کا شکار ہو گئے۔
یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا جب ابھیشیک اپنے خاندان کے ہمراہ مندر میں سیوا کے بعد واپس جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق، جب وہ پارکنگ میں تھے تو اچانک ایک بندر نے ان کے ہاتھ سے بیگ چھین لیا جس میں ہیروں سے جڑا ہار، دو ہیرا جڑی انگوٹھیاں، تین چاندی کی پازیبیں اور دو ہیرا جڑی بالیاں شامل تھیں۔
ان اشیاء کی مجموعی قیمت تقریباً 20 لاکھ روپے تھی۔ مقامی پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کی مدد سے بندر کی شناخت کی اور جھاڑیوں میں بیگ کو بازیاب کر کے مالک کے حوالے کیا۔ اس کارروائی سے نہ صرف ابھیشیک اور ان کے خاندان بلکہ عام عوام نے بھی پولیس کی فوری اور مؤثر کارکردگی کی تعریف کی۔
یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ مذہبی مقامات پر بندروں کی شرارتیں کس حد تک بڑھ چکی ہیں، جو زائرین کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔