دہلی حکومت کے سابق وزیر ستینڈر جین کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ان کی کمپنیوں سے منسلک 7.44 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ یہ کارروائی منی لانڈرنگ قانون (PMLA) کے تحت کی گئی ہے۔
ای ڈی کی جانچ سی بی آئی کی اس ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع ہوئی تھی، جس میں الزام تھا کہ دہلی حکومت میں وزیر رہتے ہوئے فروری 2015 سے مئی 2017 کے دوران ستینڈر جین نے اپنی آمدنی سے کہیں زیادہ جائیداد اکٹھی کی۔ سی بی آئی اس معاملے میں ستینڈر جین، ان کی اہلیہ پونم جین اور دیگر کے خلاف 2018 میں ہی چارج شیٹ داخل کر چکی ہے۔
تحقیقات میں یہ سامنے آیا کہ نوٹ بندی کے فوراً بعد نومبر 2016 میں جین کے قریبی ساتھی انکش جین اور ویبھو جین نے 7.44 کروڑ روپے بینک میں جمع کرائے تھے۔ انہوں نے یہ رقم کچھ کمپنیوں کے نام پر دکھائی، لیکن اصل میں یہ کمپنیاں ستینڈر جین کے ہی کنٹرول میں تھیں۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ اور عدالتوں نے بھی مانا کہ دونوں جین خاندان کے بے نامی دار ہیں۔ ای ڈی پہلے ہی 4.81 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر چکی تھی۔
اب 7.44 کروڑ کی جائیداد منجمد ہونے کے بعد کل ضبط جائیداد 12.25 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ یہ پوری رقم ان جائیدادوں کی ہے جنہیں تحقیقاتی ایجنسیاں ستینڈر جین کی آمدنی سے زیادہ اثاثہ قرار دے رہی ہیں۔ ای ڈی جلد ہی اس معاملے میں ضمنی چارج شیٹ داخل کرے گی۔ فی الحال مقدمے کی سماعت دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں جاری ہے۔
ستینڈر جین کو محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) میں بھرتیوں سے جڑی بے ضابطگیوں کے کیس میں پہلے ہی راحت مل چکی ہے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے عدالت میں کلوزر رپورٹ دائر کر دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ کئی برسوں کی جانچ کے باوجود کسی کے خلاف بھی پی سی ایکٹ 1988 یا کسی اور جرم کے تحت الزامات ثابت کرنے والا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ فوجداری سازش کا عندیہ دینے کے لیے بھی کوئی مواد موجود نہیں ہے۔