نئی دہلی/ آواز دی وائس
مدھیہ پردیش کی خواتین کے لیے رکشا بندھن اس بار کچھ خاص ہونے جا رہا ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے پیر کو اعلان کیا کہ لاڈلی بہنا یوجنا کی اگلی قسط کے ساتھ بہنوں کو شگن کے طور پر ایک اضافی تحفہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لاڈلی بہنا یوجنا کی 27ویں قسط 7 اگست کو جاری کی جائے گی اور اس کے ساتھ 250 روپے بطور شگن بہنوں کے بینک کھاتوں میں جمع کیے جائیں گے۔ یہ رقم ایک بھائی کی طرف سے بہنوں کے لیے محبت کے تحفے کے طور پر ہوگی۔
موہن یادو نے واضح کیا کہ یہ 250 روپے کی اضافی رقم ہر ماہ ملنے والی 1250 روپے کی قسط کے علاوہ ہوگی، جو لاڈلی بہنا یوجنا کے تحت خواتین کو دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا: "ہر خاتون میری بہن ہے، یہ میرے لیے فخر اور احترام کی بات ہے۔" انہوں نے "بیسٹ لائف اسٹائل کمپنی" میں رکشا بندھن کی تقریب کے دوران یہ باتیں کہیں، جہاں اس وقت 1500 خواتین کام کر رہی ہیں اور جلد ہی یہ تعداد 4000 تک پہنچنے والی ہے۔ کمپنی کو نیا مقام بھی الاٹ کیا گیا ہے، جہاں خواتین کے لیے رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
یادو نے مزید بتایا کہ پرتیبھا سنٹیکس" کمپنی میں 7,000 خواتین ملازمت کر رہی ہیں، جو اعلیٰ معیار کے کپڑوں کی تیاری کرتی ہیں اور ان کپڑوں کو امریکہ برآمد کیا جاتا ہے۔ اس کمپنی نے اب تک 11 لاکھ یونٹ برآمد کیے ہیں اور جلد ہی 20 لاکھ یونٹ کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
موہن یادو نے کہا کہ اجین میں کپڑا ملوں میں روزگار کے مواقع 5,000 سے بڑھ کر اب 20,000 تک پہنچ چکے ہیں۔ ریاست میں نئے صنعتیں لگ رہی ہیں، سرمایہ کار دلچسپی دکھا رہے ہیں، اور ریاست کے لیے یہ بات قومی و بین الاقوامی سطح پر فخر کی علامت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے 10 جون 2023 کو جبّل پور سے لاڈلی بہنا یوجنا کا آغاز کیا تھا۔ اسے 2023 کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی شاندار کامیابی کی ایک بڑی وجہ مانا جاتا ہے۔ خواتین کے لیے مختص 27,147 کروڑ روپے کے خصوصی بجٹ میں سے 18,699 کروڑ روپے صرف لاڈلی بہنا یوجنا کے لیے رکھے گئے ہیں۔