لکھنو میں موہن بھاگوت کی مسلمانوں سے ملاقات، دیا ایک بڑا پیغام

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-12-2025
لکھنو میں موہن بھاگوت کی مسلمانوں سے ملاقات، دیا ایک بڑا پیغام
لکھنو میں موہن بھاگوت کی مسلمانوں سے ملاقات، دیا ایک بڑا پیغام

 



 آواز دی آواز | نئی دہلی

 سب سے پہلے ہمیں  زمین تیار کرنی ہوگی، بنیاد مضبوط کرنی ہوگی، اس کے بعد ہی ہم آگے بڑھ سکیں گے۔  سنگھ کی سو سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اس نوعیت کی پیش رفت ہو رہی ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے ریاستی سطح تک وسعت دی جائے۔

 لکھنو میں منتخب مسلمانوں کےایک بڑے گروپ سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کیا -ڈاکٹر موہن بھاگوت نے مزید کہا کہ آج وہ خود اس اجتماع میں شریک ہوئے ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں سنگھ کے دیگر اہم قائدین بھی مسلمانوں سے براہ راست گفتگو کریں گے۔ یہ باتیں انہوں نے 23 نومبر کو لکھنؤ میں مسلمانوں کے لیے منعقد ایک خصوصی پروگرام سے خطاب کے دوران کہیں۔

 یہ تقریب بین المذاہب ہم آہنگی فاؤنڈیشن آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقد کی گئی جس کی صدارت ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد نے کی۔ یہ تقریب تقریباً ایک ماہ اور بیس دن قبل منعقد ہوئی تھی جس کی ایک ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ میٹنگ آف مائنڈز کی جانب سے جاری کی گئی اس ویڈیو میں تقریباً 100 اسلامی اسکالرز کی موجودگی دکھائی گئی ہے جن میں شیعہ علما بھی شامل ہیں۔ ویڈیو کی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ لکھنؤ میں یہ ایک تاریخی موقع تھا جہاں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے اسلام کے پانچوں بڑے مکاتب فکر حنفی مالکی شافعی حنبلی اور جعفری کی نمائندگی کرنے والے سو سے زائد سینئر مسلم علما سے خطاب کیا۔ یہ پروگرام 23 نومبر 2025 کو منعقد ہوا اور اسے ہندوستان کی تاریخ میں آر ایس ایس اور مسلم علما کے درمیان پہلی کھلی اور براہ راست گفتگو قرار دیا گیا۔

اس تقریب میں سو سے زیادہ علما دانشور اور کمیونٹی رہنما شریک ہوئے جو باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے جذبے کے ساتھ جمع ہوئے تھے۔ سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے مرکزی خطاب کیا جبکہ فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد نے ابتدائی کلمات ادا کر کے مکالمے کے لیے سازگار فضا قائم کی۔ لکھنؤ کے کوآرڈینیٹر پروفیسر شکیل قدوائی نے شہر کی جانب سے مہمانوں کا استقبال کیا۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ہزاروں برس پر محیط غلط فہمیوں کو ایک ہی لمحے میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے صبر مستقل مزاجی اور مسلسل کوشش ضروری ہے کیونکہ جلد بازی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سنگھ کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں مختلف مقامات پر خطابات کر رہے ہیں اور اسی تسلسل میں وہ آج مسلمانوں سے ملاقات کے لیے یہاں آئے ہیں۔

 انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ اس پروگرام میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے تو بعض لوگوں نے دہلی بم دھماکوں کا حوالہ دے کر انہیں روکنے کی کوشش کی مگر انہوں نے اس بات کو نظر انداز کر دیا۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ یہاں بیٹھے ہوئے لوگ دہشت گرد نہیں ہیں اور وہ انہی سے ملاقات کے لیے آئے ہیں۔

ڈاکٹر بھاگوت نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان پر بار بار حملے ہوئے اور مختلف مذاہب کے لوگ یہاں آتے رہے جس کے نتیجے میں صدیوں پرانی باہمی غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں نے نہ صرف ان غلط فہمیوں سے فائدہ اٹھایا بلکہ انہیں مزید گہرا بھی کیا۔ ان کے مطابق ان غلط فہمیوں کو دور کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور یہی سنگھ کا نظریہ ہے کہ ہندوستان اسی وقت دنیا کی قیادت کر سکتا ہے جب وہ متحد ہوگا۔ انہوں نے سنگھ کے بانی ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کا سنگھ اسی سوچ کو آگے بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہر وہ شخص جو خود کو ہندو ہندو یا ہندوستانی مانتا ہے بنیادی طور پر ایک ہی ہے فرق صرف اظہار کے طریقوں میں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سنگھ نے سب سے پہلے ہندوؤں اور سناتن روایت کے پیروکاروں کو منظم کیا جس سے سماج مضبوط ہوا اور آج ان کی آواز سنی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب سنگھ دوسری برادریوں تک بھی پہنچ رہا ہے کیونکہ عبادت کے طریقے الگ ہو سکتے ہیں لیکن ایک اعشاریہ چوالیس بلین لوگ سب ہندوستانی ہیں۔

موبائل لنچنگ  سنگھ کا نظریہ نہیں

موب لنچنگ کے معاملے پر ڈاکٹر بھاگوت نے واضح کیا کہ یہ آر ایس ایس کا نظریہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آر ایس ایس سے وابستہ کوئی فرد ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا جاتا ہے تو تنظیم اس کی حمایت نہیں کرتی۔ ان کے مطابق ایسے معاملات میں لوگوں کو قانونی راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کیونکہ آر ایس ایس کا نقطہ نظر لڑائی نہیں بلکہ اتحاد ہے۔

مرکزی بی جے پی حکومت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا حکومت سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ آر ایس ایس سے وابستہ کچھ افراد حکومت میں موجود ہیں جن کے ذریعے اس کے خیالات وہاں تک پہنچتے ہیں مگر سیاست ووٹوں کے ذریعے چلتی ہے اور حکومت فیصلے اسی بنیاد پر کرتی ہے۔ مسلمانوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ کمیونٹی کے خدشات حکومت تک پہنچائے گئے جن میں سے کچھ کو تسلیم کیا گیا اور کچھ کو قبول نہیں کیا گیا۔

 مسلمانوں کو سنگھ میں ضم کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اتحاد ہی تمام مسائل کا واحد حل ہے تاہم یہ عمل مرحلہ وار اور آہستہ آہستہ ہی آگے بڑھے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلد بازی اکثر معاملات کو بگاڑ دیتی ہے۔

حمایت بھی مخالفت بھی 

اس وائرل ویڈیو پر شدید تنقید بھی سامنے آ رہی ہے۔ کمنٹس میں جہاں بعض افراد ڈاکٹر بھاگوت کے خیالات کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں وہیں مخالفت کرنے والوں کی تعداد بھی کم نہیں ہے۔ کئی تبصروں میں ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد اور ظفر سریش والا کا حوالہ دیتے ہوئے اس تقریب کو اسپانسرڈ قرار دیا گیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ پہلے ظفر سریش والا اور اب خواجہ افتخار احمد دونوں اس طرح کے اسپانسرڈ پروگراموں کے منتظم رہے ہیں اور ان کے بقول ہاتھی کے دانت کھانے کے لیے کچھ اور اور دکھانے کے لیے کچھ اور ہوتے ہیں۔

ایک اور تبصرے میں الزام عائد کیا گیا کہ آر ایس ایس اپنے خفیہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے اور باشعور لوگ اس کے پوشیدہ مقاصد کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔ تبصرہ نگار کے مطابق ہمارا نعرہ تنوع میں اتحاد تھا لیکن اب اسے تنوع سے اتحاد میں بدلا جا رہا ہے جس کے ذریعے مختلف برادریوں خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں کی شناخت سے انکار کیا جا رہا ہے اور ثقافتی شناخت کو مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کے مطابق یہی اس کا اصل ایجنڈا ہے۔یوں ایک طرف لکھنؤ میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کو مکالمے اور ہم آہنگی کی ایک نئی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تو دوسری جانب یہ گہرے سیاسی اور نظریاتی اختلافات اور تنازعات کا مرکز بھی بن چکا ہے۔