نئی دہلی:آر ایس ایس اور ہندوتوا کا نظریہ کسی بھی مذہب یا کمیونٹی کے خلاف نہیں ہے۔مسلمان بھی اس ملک کے اتنے ہی معزز شہری ہیں جتنا کہ کوئی اور، ہندوستان ہم سب کا ہے، اور اس کی وحدت، سالمیت اور خودمختاری کو قائم رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن دلوں میں دوری نہیں ہونی چاہیے۔ قومی یکجہتی، مکالمہ اور باہمی تعاون ہی ہندوستان کی اصل طاقت ہیں، اور یہ ضروری ہے کہ ہم سب مل کر معاشرے سے غلط فہمیوں اور انتہاپسندی کا خاتمہ کریں۔
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نےان خیالات کا اظہار کیا جب وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی سمجھ کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش کے طور پر، نے آج نئی دہلی میں ہریانہ بھون میں 50 سے زائد مسلم دینی رہنماؤں اور علماء کے ساتھ بات چیت کی۔ اس ملاقات میں آر ایس ایس کے سینئر عہدیداران، جیسے جنرل سیکرٹری دتاتریہ ہوسبواہلے، مشترکہ جنرل سیکرٹری کرشن گوپال، سینئر رہنما رام لال اور مسلم قومی منچ (ایم آر ایم) کے سربراہ اندریش کمار بھی موجود تھے۔
متعدد مسلم نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے کھلے مکالمے اور شفاف بات چیت ہی ملک کو آگے لے جانے کا راستہ ہیں۔انہوں نے مسلم کمیونٹی سے بات چیت کے لیے آر ایس ایس کی کوششوں کو سراہا اور اعتماد ظاہر کیا کہ یہ مکالمہ مستقبل میں مثبت نتائج دے گا۔ذرائع کے مطابق، اس ملاقات میں آل انڈیا امام تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر عمیر احمد الیاسی سمیت متعدد اہم مسلم دینی رہنما، دانشور اور سماج کے معتبر شخصیات شریک ہوئیں۔ آر ایس ایس کی یہ کوشش ایسے وقت میں آئی ہے جب تنظیم پر اکثر دھرم کا تصادم اور ثقافتی تقسیم کے الزامات لگتے رہتے ہیں۔
پس منظر اور مسلسل بات چیت
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آر ایس ایس نے مسلم کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کے لیے کئی برسوں سے کوششیں کی ہیں۔ اس سلسلے میں مسلم قومی منچ (ایم آر ایم) کے ذریعے تنظیم مسلم رہنماؤں، دینی علماء اور دانشوروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھتی آئی ہے۔ 2023 میں ایم آر ایم نے "ایک قوم، ایک پرچم، ایک قومی ترانہ" کے نظریے کو تقویت دینے کے لیے ملک بھر میں مہم کا آغاز کیا تھا۔
پہلے بھی ملاقاتیں ہو چکی ہیں
ستمبر 2022 میں ڈاکٹر موہن بھاگوت نے مسلم دانشوروں سے بات چیت کی تھی، جس میں گیان واپی مسجد تنازعہ، حجاب کیس اور آبادی کنٹرول جیسے حساس مسائل پر کھل کر بحث ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں سابق چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس وائی قریشی، دہلی کے سابق نائب گورنر نجیب جنگ، اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ، سابق رکن پارلیمنٹ شاہد صدیقی اور صنعتکار سعید شیروانی جیسے معتبر افراد بھی شامل تھے۔
مدارس اور مساجد کا بھی دورہ
اسی سال موہن بھاگوت نے دہلی کی ایک مسجد اور مدرسہ بھی وزٹ کیا تھا۔ اس موقع پر اندریش کمار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اکتوبر 2022 میں اندریش کمار نے حضرت نظام الدین درگاہ کا دورہ کیا اور مٹی کے دیا جلا کر امن کا پیغام دیا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا تھا، کسی کو مذہب تبدیل کرنے یا تشدد پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ ہر شخص کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق ہے، اور دوسروں کے مذہب کا احترام بھی ضروری ہے۔
باہمی فاصلے کم کرنے کی کوشش
آج کی ملاقات کو اس سمت میں ایک ٹھوس قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو ہندو مسلم کمیونٹیوں کے درمیان اعتماد کی خلیج کو کم کرنے اور آپسی بات چیت کو مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔ آر ایس ایس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا، یہ کوئی نئی کوشش نہیں ہے۔ ڈاکٹر بھاگوت نے پہلے بھی مسلم دانشوروں اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ ہمارا مقصد صرف بات چیت کے ذریعے آپسی فاصلے ختم کرنا ہے۔
سیاسی اور سماجی اشارے
اس ملاقات کو سیاسی اور سماجی لحاظ سے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں مذہبی تفریق اور سماجی تقسیم کے الزامات آر ایس ایس پر اکثر لگتے ہیں۔ بھاگوت کی یہ کوشش ظاہر کرتی ہے کہ تنظیم مذہبی تنوع اور سماجی ہم آہنگی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
ڈاکٹر بھاگوت کا یہ قدم ہندو مسلم تعلقات میں اعتماد بحال کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ بات چیت اور ہم آہنگی کے جذبے کو بڑھانے کے لیے ایسی کوششیں نہ صرف ضروری ہیں، بلکہ آج کے سماجی منظرنامے میں نہایت اہم بھی ہیں۔ جب دونوں کمیونٹیوں کے درمیان بات چیت بڑھے گی، تو نفرت کی دیواریں خود بخود گر جائیں گی۔