نئی دہلی: کرکٹر محمد شامی کی سابقہ اہلیہ حسین جہاں نے گُزارا بھتہ (maintenance allowance) بڑھانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ جمعہ (7 نومبر 2025) کو عدالت نے مغربی بنگال حکومت اور محمد شامی کو نوٹس جاری کیا ہے۔
کلکتہ ہائی کورٹ نے اس سے پہلے حکم دیا تھا کہ حسین جہاں اور ان کی بیٹی کو ہر ماہ 4 لاکھ روپے گُزارا بھتہ دیا جائے جن میں سے 1.5 لاکھ روپے حسین جہاں کے لیے اور 2.5 لاکھ روپے بیٹی کے لیے مقرر کیے گئے تھے۔ لیکن حسین جہاں اس رقم سے مطمئن نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ نے ابتدائی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر یہ گُزارا بھتہ مناسب معلوم ہوتا ہے۔
تاہم عدالت نے بنگال حکومت اور شامی کو چار ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اگلی سماعت چار ہفتے بعد ہوگی۔ اپنی درخواست میں حسین جہاں نے مطالبہ کیا ہے کہ محمد شامی کو ہر ماہ 10 لاکھ روپے گُزارا بھتہ دینے کا حکم دیا جائے — جن میں سے 7 لاکھ روپے ان کے اپنے اخراجات اور 3 لاکھ روپے بیٹی کے پرورش کے لیے ہوں۔
محمد شامی اور حسین جہاں کی شادی 2014 میں ہوئی تھی، لیکن 2018 میں دونوں الگ ہوگئے اور تب سے دونوں کے درمیان قانونی تنازع جاری ہے۔ حسین جہاں نے شامی پر گھریلو تشدد اور میچ فکسنگ جیسے سنگین الزامات لگائے تھے۔ ان الزامات کے بعد آئی پی سی (Indian Penal Code) کے تحت ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا گیا تھا، البتہ بی سی سی آئی نے انہیں میچ فکسنگ کے الزامات سے بری قرار دے دیا تھا۔
حسین جہاں نے شامی کے مبینہ ایکسٹرا میریٹل افیئرز کے ثبوت کے طور پر چَیٹ اسکرین شاٹس اور ٹیلی فون ریکارڈنگز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شامی اور ان کے اہل خانہ نے انہیں قتل کرنے کی کوشش بھی کی۔ حسین جہاں کے مطابق محمد شامی کے بنگلورو، پُنے، اندور اور ناگپور میں مختلف عورتوں سے تعلقات ہیں۔ جولائی میں حسین جہاں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں محمد شامی کو کردار باختہ، لالچی اور مطلبی قرار دیا تھا۔
انہوں نے لکھا تھا: میری آخری سانس تک ہمارا رشتہ مضبوط رہے گا، ان شاء اللہ۔ اب یہ طے کرنا ہے کہ یہ رشتہ کس طرح مضبوط ہوگا۔ سات سال سے ہم قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ تمہیں اس سے کیا حاصل ہوا؟ کردار کی کمزوری، لالچ اور خودغرضی نے تمہارے خاندان کو برباد کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ مردوں کے غلبے والے معاشرے کا شامی نے فائدہ اٹھایا ہے۔ حسین جہاں نے کہا کہ وہ اب قانونی مدد لیں گی، اپنے تمام حقوق کا دعویٰ کریں گی اور خوشی سے زندگی گزاریں گی۔