سنبھل:دیوتاؤں کی توہین کا معاملہ، طالب گرفتار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-07-2022
سنبھل:دیوتاؤں کی توہین کا معاملہ، طالب گرفتار
سنبھل:دیوتاؤں کی توہین کا معاملہ، طالب گرفتار

 

 

 آواز دی وائس،سنبھل

 سنبھل شہر کے رہائشی محمد طالب کو اخبارات میں گوشت کی اشیاء پیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ ان اخبارات میں مبینہ طور پر ہندو دیوتاؤں کی تصویریں چھپی ہوئی تھیں۔

ہندوجاگرن منچ کے ضلع صدر کیلاش گپتا کی شکایت پر محمد طالب کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 295 اےکے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔( جان بوجھ کر کسی بھی برادری کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنا)۔  

محمد طالب مہک ریستوراں کے مالک ہیں۔ مہک ریستوراں کے  ایک کارکن نے کہا کہ میرے ایک اسٹاف نےایک دکان سےاخبارخریدے تھےاوروہ ان کا استعمال گاہکوں کے لیے کھانے کی اشیاء پیک کرنے کے لیے کر رہے تھے۔ جیسا کہ زیادہ تر کھانے پینے والے کرتے ہیں۔

یہ ایک معمول کی بات ہے لیکن ہمیں یہ احساس نہیں ہوا کہ اخبارات میں ہندو دیوتاؤں کی تصویریں ہوتی ہیں۔ ہم کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتے تھے۔ 

طالب کے خاندان کے ایک فرد جو سنہ 2012 سے کھانے کا سامان فروخت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھانے کی اشیاء کو پیک کرنے کے لیے اخبارات کا استعمال سالوں سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی کسی اخبار کو ریپ کرنے سے قبل اس کی سرخیوں یا تصویروں کو  دیکھتا ہے۔کیا اس کے لیے کسی کو جیل بھیجا جا سکتا ہے؟انہوں نے کبھی کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی۔

محمد طالب کے رشتہ دار نے کہا کہ ہم محمد طالب کی ضمانت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کسی اور چیز سے پہلے طالب کی ضمانت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

گرفتاری کی وضاحت کرتے ہوئے ایک پولیس افسر نے کہا کہ تحقیقات سے ہمیں پتہ چلا کہ ایک مقامی ہندی روزنامہ نےاس سے قبل 'نوراترا' تہوار کے دوران ہندو دیوتاؤں کی تصاویر شائع کی تھیں۔ محمد طالب نے کھانا پیک کرنے کے لیے اس اخبار کا استعمال کیا تھا۔ 

سرکل آفیسر جتیندر کمار نے کہا کہ اتوار کی شام کو شکایت موصول ہونے کے بعد، پولیس ہوٹل پہنچی اور اشتعال انگیز مواد کو ضبط کرلیا۔

پولیس آفیسر نے مزید کہا کہ چونکہ معاملہ حساس ہے اس لیے ہم نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کی اور ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں محمد طالب کو گرفتار کر لیا۔