ممبئی، :وزیر اعظم نریندر مودی 2029 کے بعد بھی ملک کی قیادت کرتے رہیں گے اور ان کے جانشین پر بات کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے منگل کو یہ بات کہی۔فڈنویس کا یہ بیان شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راوت کے گزشتہ ماہ کیے گئے اس دعوے کے جواب میں آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مودی نے ناگپور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ اس پیغام کے ساتھ کیا کہ وہ "ریٹائر ہونے والے ہیں۔
ناگپور میں مودی کے جانشین سے متعلق اپنے سابقہ تبصرے کے بارے میں پوچھے جانے پر فڈنویس نے منگل کو کہا کہ میں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جانشین کے بارے میں سوچنے کا یہ وقت نہیں ہے، کیونکہ 2029 میں بھی مودی ہی وزیر اعظم ہوں گے۔وہ ممبئی میں انڈیا گلوبل فورم سے خطاب کر رہے تھے۔
راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ مودی شاید 30 مارچ کو آر ایس ایس ہیڈکوارٹر گئے تھے تاکہ "ستمبر میں اپنی ریٹائرمنٹ کی درخواست لکھیں"، کیونکہ بی جے پی میں کچھ رہنما 75 سال کی عمر میں سبکدوش ہو جاتے ہیں۔مودی جو اپنے تیسرے دور حکومت میں ہیں، ستمبر میں 75 سال کے ہو جائیں گے۔سنجے راوت نے دعویٰ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ مودی کے جانشین کا فیصلہ آر ایس ایس کرے گا، اسی لیے مودی کو بلایا گیا اور بند کمرے میں بات چیت ہوئی۔ اشارے واضح ہیں کہ اگلا رہنما سنگھ منتخب کرے گا، اور وہ رہنما مہاراشٹر سے ہو سکتا ہے۔فڈنویس نے راوت کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ثقافت میں، جب والد زندہ ہو تو جانشینی پر بات کرنا نامناسب سمجھا جاتا ہے۔ یہ مغلیہ سوچ ہے۔ جانشین پر بات کرنے کا وقت ابھی نہیں آیا۔دوسری جانب، آر ایس ایس کے سینئر رہنما سریش بھیا جی جوشی نے کہا کہ انہیں (وزیر اعظم کے) جانشین سے متعلق کسی بات چیت کا علم نہیں۔