نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے وارانسی کے مَنیکرنیکا گھاٹ کی ازسرِ نو تعمیر (ری ڈیولپمنٹ) کے معاملے پر جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ صرف اپنے نام کی تختی لگوانے کے لیے ہر تاریخی ورثے کو مٹانا چاہتے ہیں۔
کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، “گپت دور میں بیان کردہ جس مَنیکرنیکا گھاٹ کا لوک ماتا اہلیابائی ہولکر نے احیاء کرایا تھا، اس نایاب قدیم ورثے کو آپ نے ازسرِ نو تعمیر کے بہانے توڑوانے کا جرم کیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے “بے ہنگم خوبصورتی کاری اور کاروباری مفادات کے نام پر بنارس کے مَنیکرنیکا گھاٹ پر بلڈوزر چلا کر صدیوں پرانی مذہبی، ثقافتی اور روحانی وراثت کو منہدم کرانے کا کام کیا ہے۔
کھرگے نے طنز کرتے ہوئے کہا، “آپ چاہتے ہیں کہ تاریخ کی ہر نشانی کو مٹا کر صرف آپ کی نام تختی چپکا دی جائے۔” اتر پردیش کے وارانسی میں مَنیکرنیکا گھاٹ پر جاری بحالی کے کام کے خلاف مظاہرین نے احتجاج کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ انہدامی مہم کے دوران اہلیابائی ہولکر کی تقریباً 100 سال پرانی مورتی کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
تاہم ضلعی انتظامیہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بدھ کو کہا کہ مورتیوں کو دوبارہ نصب کرنے کے لیے محفوظ مقام پر رکھا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار نے کہا کہ اس بحالی کا مقصد گھاٹ پر سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی، “یہ کام کچے حصے پر اور پرانی سیڑھیوں کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے کیا جا رہا ہے۔
دیواروں میں نصب کچھ فن پارے اور مورتیاں اس عمل کے دوران متاثر ہوئی ہیں، لیکن ثقافت کے محکمے نے انہیں محفوظ کر لیا ہے اور کام مکمل ہونے کے بعد انہیں ان کی اصل حالت میں دوبارہ نصب کیا جائے گا۔” کھرگے نے کہا کہ پہلے راہداری (کاریڈور) کے نام پر چھوٹے بڑے مندر اور دیولے توڑے گئے، اور اب قدیم گھاٹوں کی باری آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا قدیم ترین شہر کاشی روحانیت، ثقافت، تعلیم اور تاریخ کا ایسا سنگم ہے جو پوری دنیا کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ کھرگے نے سوال اٹھایا، “کیا اس سب کے پیچھے ایک بار پھر اپنے کاروباری دوستوں کو فائدہ پہنچانے کی نیت ہے؟ پانی، جنگل، پہاڑ سب آپ نے ان کے حوالے کر دیے، اب ثقافتی ورثے کی باری آ گئی ہے۔” انہوں نے کہا، “ملک کی عوام آپ سے دو سوال پوچھ رہی ہے— کیا مرمت، صفائی اور خوبصورتی کاری کا کام ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے نہیں ہو سکتا تھا؟ پورا ملک یاد رکھتا ہے کہ پارلیمنٹ احاطے سے آپ کی حکومت نے کس طرح مہاتما گاندھی اور بابا صاحب امبیڈکر سمیت عظیم شخصیات کے مجسمے بغیر کسی مشاورت کے ایک کونے میں رکھوا دیے تھے۔”
انہوں نے الزام لگایا کہ جلیانوالہ باغ اسمارک کی دیواروں سے بھی آزادی کے مجاہدین کی قربانیوں کی تاریخ کو اسی بحالی کے نام پر مٹا دیا گیا۔ کھرگے نے دوسرا سوال اٹھاتے ہوئے کہا، “مَنیکرنیکا گھاٹ میں بلڈوزر کی زد میں آنے والی سینکڑوں سال پرانی مورتیوں کو کلہاڑی مار کر ملبے میں کیوں ڈال دیا گیا؟ کیا انہیں کسی میوزیم میں محفوظ نہیں رکھا جا سکتا تھا؟”
انہوں نے کہا، “آپ نے دعویٰ کیا تھا ماں گنگا نے بلایا ہے‘۔ آج آپ نے ماں گنگا کو بھلا دیا ہے۔ بنارس کے گھاٹ بنارس کی شناخت ہیں۔ کیا آپ ان گھاٹوں کو عوام کی رسائی سے دور کرنا چاہتے ہیں؟” انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں لوگ موکش (نجات) کی تلاش میں اپنی زندگی کے آخری مرحلے پر کاشی آتے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا، “کیا آپ کی نیت ان عقیدت مندوں کے ساتھ دھوکہ کرنے کی ہے؟” مَنیکرنیکا گھاٹ ہندو دھرم کے قدیم ترین اور مقدس ترین شمشان گھاٹوں میں سے ایک ہے۔ اسے موکش داینی گھاٹ اور مہاشمشان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ عقیدہ ہے کہ اگر کسی شخص کا آخری رسومات اس گھاٹ پر ادا کی جائیں تو اسے جنم اور موت کے چکر سے نجات مل جاتی ہے۔