نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو 75 سال کے ہو گئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر بی جے پی نے سیوا پکھواڑا کے نام سے ایک خصوصی 15 روزہ مہم شروع کی ہے، جو 2 اکتوبر تک چلے گی۔ اس دوران ملک بھر میں کئی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جیسے کہ ہیلتھ کیمپ، صفائی مہم، میلوں کا انعقاد اور بیداری مہم۔ اس کا مقصد حکومت کی اسکیموں اور خدمات کو لوگوں تک پہنچانا ہے۔
پی ایم مودی اس دن مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں ایک بڑے پروگرام میں شرکت کرنے والے ہیں۔ یہاں وہ خواتین اور بچوں کی صحت اور غذائیت سے متعلق ایک بڑی اسکیم کا آغاز کریں گے۔ اس کے ساتھ وہ قبائلی برادری کے لیے کچھ ترقیاتی سکیموں کا اعلان بھی کریں گے اور لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔
راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو مبارکباد دی۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد اور اچھی صحت کی خواہش۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں، اتحادیوں اور دیگر جماعتوں کے اراکین نے مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ مودی نے 2014 سے لے کر اب تک بی جے پی کو متعدد انتخابی فتوحات دلائی ہیں اور ملک بھر میں پارٹی کی رسائی کو بڑھایا ہے۔ جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی کے بعد مودی ہندوستان کے تیسرے سب سے زیادہ عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم ہیں۔