مودی کی سالگرہ: صدر سے لے کر اپوزیشن تک نے دی مبارک باد

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-09-2025
مودی کی سالگرہ: صدر سے لے کر اپوزیشن تک نے دی مبارک باد
مودی کی سالگرہ: صدر سے لے کر اپوزیشن تک نے دی مبارک باد

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو 75 برس کے ہو گئے۔ اس موقع پر متعدد معزز شخصیات اور رہنماؤں نے ان کی قیادت کی تعریف کی اور اپوزیشن نے بھی ان کی سالگرہ پر انہیں مبارک باد دی۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے وزیر اعظم مودی کو ان کے 75ویں سالگرہ پر بدھ کے روز مبارکباد دی اور ملک میں بڑے اہداف حاصل کرنے کی ثقافت کو پروان چڑھانے کے لیے ان کی تعریف کی۔ مرمو نے وزیر اعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا  کہ آج عالمی برادری بھی آپ کی رہنمائی پر اپنا اعتماد ظاہر کر رہی ہے۔ صدر نے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ محنت کی انتہا کی مثال پیش کرتے ہوئے آپ نے اپنی غیر معمولی قیادت سے ملک میں بڑے اہداف کے حصول کی ثقافت کو فروغ دیا ہے۔
مودی نے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت 140 کروڑ سے زائد شہریوں کے تعاون سے ایک مضبوط، قابل اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے لیے وقف رہے گی۔ انہوں نے صدر کے وژن اور خیالات کو متاثر کن قرار دیا۔ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان عالمی پلیٹ فارم پر اپنی شناخت قائم کر رہا ہے اور ایک ترقی یافتہ قوم کے ہدف کی جانب مسلسل بڑھ رہا ہے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ملک کے تئیں ان کی غیر معمولی وابستگی اور عزم ہر ہندوستانی کے لیے تحریک ہے۔
بی جے پی رہنماؤں اور دیگر جماعتوں کے اراکین نے بھی مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی، جنہوں نے 2014 کے بعد سے اپنی پارٹی کو بے مثال جغرافیائی توسیع اور انتخابی کامیابی دلائی ہے۔  وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مودی نے اپنے دور اندیش قیادت، قوم کے تئیں لگن اور انتھک محنت سے ملک کو نئی توانائی دی ہے اور اسے نئی سمت دکھائی ہے۔ سنگھ نے کہا کہ مودی نے عالمی سطح پر ہندوستان کی صلاحیت اور وقار کو بڑھایا ہے اور عوام اور غریبوں کی فلاح کے لیے ان کی وابستگی قابل تقلید ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم پچھلے پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے عوام کی بھلائی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں اور وہ ہر شہری کے لیے ’راشٹر پرتھم‘ کے نعرے کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔
بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے معاشرے کے ہر طبقے کی ترقی کے ہدف کے ساتھ ’’آتم نربھر اور وکست ہندوستان‘‘ کی تعمیر کے لیے کئی انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں ہندوستان کی روحانی اور ثقافتی وراثت کو عالمی شناخت ملی ہے۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے مودی کو دنیا کا سب سے مقبول رہنما قرار دیا اور خواہش ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ہندوستان خود کفیل بنے اور دہشت گردی اور بدعنوانی کو ختم کرکے ’’وشو گرو‘‘ بنے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس صدر  ملیکارجن کھڑگے نے بھی وزیر اعظم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ کھڑگے نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کر کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد۔ انہوں نے وزیر اعظم کی اچھی صحت اور طویل عمر کی دعا بھی کی۔
راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’وزیر اعظم نریندر مودی جی کو سالگرہ کی مبارکباد اور ان کی اچھی صحت کی خواہش۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ اس شہر کے ساتھ کھڑے رہے اور گزشتہ 11 برسوں میں قومی دارالحکومت کی ضروریات کا خیال رکھا۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مودی کو ان کے سالگرہ پر مبارکباد دی اور انہیں 140 کروڑ ہندوستانیوں کی امیدوں اور تمناؤں کا رہنما قرار دیا۔
 آدتیہ ناتھ نے ’ایکس‘ پر لکھا، کہ ’’140 کروڑ ہندوستانیوں کی امیدوں اور تمناؤں کے علمبردار، عالمی پلیٹ فارم پر ’نئے ہندوستان‘ کو نمایاں کرنے والے، دنیا کے سب سے مقبول رہنما، ہم سب کے رہنما، ’ایک ہندوستان-شریشٹھ ہندوستان‘ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے والے کامیاب وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد۔
اتر پردیش میں اپوزیشن لیڈر اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی وزیر اعظم کے لیے ’’صحت مند، بامعنی، ہم آہنگ، جامع اور مثبت‘‘ زندگی کی دعا کی۔ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کیشَو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے وزیر اعظم کو مبارکباد دی۔
اداکارہ سے سیاست دان بنی ہیما مالنی نے وزیر اعظم مودی کے دور حکومت کو ایک ’’انقلابی دور‘‘ قرار دیا جس نے ہندوستان کو ایک عالمی طاقت کے طور پر قائم کیا۔
ایک ویڈیو پیغام میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مودی کے ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے وژن نے ملک بھر کے شہریوں کو بااختیار بنایا ہے۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے۔ ریوَنت ریڈی اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے بھی وزیر اعظم مودی کو 75ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا کہ ریڈی نے وزیر اعظم کی اچھی صحت، طویل عمر اور قوم کی خدمت میں مسلسل توانائی کی دعا کی۔
نائیڈو نے مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحیح وقت پر صحیح رہنما ہیں، جنہوں نے واضح سوچ، پختہ عزم اور اصلاحات کے ساتھ ملک کی رہنمائی کی ہے اور پورے ملک میں مثبت تبدیلی لائی ہے۔
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے مودی کو ان کے 75ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور کہا کہ شمال مشرقی ریاست نے ان کی قیادت میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
سرما نے کہا کہ آسام حکومت بدھ سے شروع ہونے والے ہفتے کو وزیر اعظم کی سالگرہ پر ’’سیوا ہفتہ‘‘ کے طور پر منائے گی، جو خدمت، ہمدردی اور عوامی فلاح کو وقف ہوگا۔
اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو اور میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ سی۔ کے۔ سنگما نے بھی مودی کو مبارکباد دی۔
کھانڈو نے کہا کہ وزیر اعظم کی دور اندیش قیادت جرات اور احتیاط کے ساتھ ہندوستان کے مستقبل کو تشکیل دے رہی ہے۔
 سنگما نے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا کہ ہمارے معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کو ان کے 75ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد۔ میگھالیہ کے عوام کی جانب سے میں آپ کی مسلسل حمایت کے لیے دلی شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کی صحت، خوشی اور طویل عمر کے لیے نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔
ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے بھی وزیر اعظم مودی کو سالگرہ پر مبارکباد دی۔
جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی کے بعد مودی ہندوستان کے تیسرے سب سے طویل عرصے تک عہدے پر رہنے والے وزیر اعظم ہیں اور بلا تعطل مدت کار کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہیں۔