نئی دہلی/ آواز دی وائس
جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شبو سورین کا انتقال ہو گیا ہے۔ ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ شری شیبو سورین جی ایک زمینی سطح کے رہنما تھے جنہوں نے عوام کے تئیں اٹوٹ لگاؤ کے ساتھ عوامی زندگی میں اونچائیوں کو چھوا۔ وہ قبائلی طبقات، غریبوں اور محروموں کے اختیار و فلاح کے لیے خصوصی طور پر وقف تھے۔ ان کے انتقال سے مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ میری دلی تعزیت اُن کے خاندان اور چاہنے والوں کے ساتھ ہے۔ میں نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ شری ہیمنت سورین جی سے بات کر کے اپنی تعزیت پیش کی۔ اوم شانتی۔
پیر کی دوپہر وزیر اعظم نریندر مودی شیبو سورین کے آخری دیدار کے لیے سر گنگا رام اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم کے کچھ دیر بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی بھی جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ کو آخری خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے۔
راج ناتھ سنگھ نے کیا کہا؟
شبو سورین کے انتقال پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ اور ملک کے سینئر ترین رہنماؤں میں سے ایک، شری شیبو سورین جی اُن بااثر رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے معاشرے کے کمزور طبقات، خاص طور پر قبائلی سماج کے حقوق اور ان کے اختیار کے لیے عمر بھر جدوجہد کی۔ وہ ہمیشہ زمین اور عوام سے جڑے رہے۔ میرا ان سے طویل تعلق رہا۔ ان کے انتقال سے مجھے شدید دکھ ہوا ہے۔ ان کے خاندان اور حامیوں کے لیے میری دلی تعزیت۔ اوم شانتی
جھارکھنڈ اسمبلی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی
شیبو سورین کے انتقال کے بعد پیر کو جھارکھنڈ اسمبلی کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اسمبلی اسپیکر رویندر ناتھ مہتو نے کارروائی ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ دیشوم گرو شبو سورین آج دنیا سے رخصت ہو گئے... ان کا انتقال صرف جھارکھنڈ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے... وہ غریبوں کے لیے اپنی جدوجہد کے لیے جانے جاتے تھے۔