مودی جی بطور وزیر اعظم 2026 مکمل نہیں کر پائیں گے:کیجریوال

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-03-2026
مودی جی بطور وزیر اعظم 2026 مکمل نہیں کر پائیں گے: کیجریوال
مودی جی بطور وزیر اعظم 2026 مکمل نہیں کر پائیں گے: کیجریوال

 



نئی دہلی
دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے پیر کو کہا کہ نریندر مودی بطور وزیر اعظم 2026 تک اپنی مدت مکمل نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا دل اور سیاسی سمجھ یہ کہتی ہے کہ مودی اور امیت شاہ جانے والے ہیں۔ کیجریوال نے مزید کہا کہ مودی جی کی مقبولیت آج پاتال تک پہنچ چکی ہے اور ان کا اقتدار ختم ہونے والا ہے۔
دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کا ماننا ہے کہ نریندر مودی بطور وزیر اعظم 2026 مکمل نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی کا اقتدار ختم ہونے والا ہے۔ شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت کی کتاب کی رسمِ اجرا کے موقع پر کیجریوال نے یہ دعویٰ کیا۔ اس پروگرام میں کپل سبل، دگ وجے سنگھ اور سنجے سنگھ سمیت کئی اپوزیشن لیڈر موجود تھے۔
اسٹیج پر خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ میں زیادہ تجربہ کار نہیں ہوں، اسٹیج پر بہت سے بڑے لوگ موجود ہیں جو سیاست کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ لیکن میرا دل اور تھوڑی بہت سیاسی سمجھ کہتی ہے کہ شاید مودی جی 2026 بطور وزیر اعظم مکمل نہیں کریں گے۔
کیجریوال نے مزید کہا کی مودی جی اور امیت شاہ جانے والے ہیں، ان کا اقتدار ختم ہونے والا ہے۔ عوام کے درمیان وہ اس قدر غیر مقبول ہو چکے ہیں کہ انہوں نے ہزاروں لاکھوں ٹرولز بٹھا رکھے ہیں، اس کے باوجود وہ سوشل میڈیا کا بیانیہ کنٹرول نہیں کر پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب مودی جی کی کسی پوسٹ پر صرف تعریف ہوتی تھی، لیکن اب اگر وہ کوئی پوسٹ کرتے ہیں تو اس کے نیچے صرف تنقیدی تبصرے نظر آتے ہیں۔ پہلے ان کی پوری مشینری ایک بھی منفی تبصرہ آنے پر اسے حذف یا خاموش کر دیتی تھی۔
ماحول اور سوشل میڈیا ایکو سسٹم میں تبدیلی
کیجریوال نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا جب مودی جی کے خلاف کوئی میم بنانے پر لوگوں کو جیل بھیج دیا جاتا تھا، لیکن اب اتنے زیادہ میمز بن رہے ہیں کہ سب کو جیل میں ڈالنا ممکن نہیں۔ سوشل میڈیا کا پورا ماحول اور نظام بدل چکا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مودی جی کی مقبولیت بہت نیچے گر چکی ہے۔
انتخابات میں بی جے پی کی جیت پر بیان
انتخابات میں بی جے پی کی جیت پر کیجریوال نے کہا کہ یہ لوگ بے ایمانی سے انتخابات جیت رہے ہیں اور اس کی سب سے بڑی مثال میں خود ہوں۔ میں نئی دہلی اسمبلی سے الیکشن لڑا۔ میرے جیل جانے سے پہلے میری اسمبلی میں 1 لاکھ 48 ہزار ووٹ تھے، لیکن جب میں جیل سے واپس آیا تو یہ کم ہو کر 1 لاکھ 6 ہزار رہ گئے۔ یعنی 42 ہزار ووٹ کم کر دیے گئے، جو تقریباً 30 فیصد بنتے ہیں، اور وہ صرف 3 ہزار ووٹوں سے جیت گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح سے یہ انتخابات جیتتے ہیں، ووٹ جوڑتے ہیں، حذف کرواتے ہیں اور جعلی ووٹ ڈلواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کو ان دونوں (مودی اور امیت شاہ) سے نجات ملے گی تو ایک اطمینان یہ ہوگا کہ اس جدوجہد میں ہم نے بھی حصہ لیا اور ہم بھی جیل گئے تھے۔