آواز دی وائس
انگریزوں نے آج سے 172 سال قبل ہندوستان میں ریلوے کی شروعات کی تھی، لیکن شمال مشرقی ریاست میزورم کی دارالحکومت آئزول کو آج یعنی 13 ستمبر 2025 کو یہ سفری سہولت ملی ہے۔ جی ہاں، میزورم کے عوام کو آج سے اپنے ہی ریاست میں ٹرین کی سہولت دستیاب ہو گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ ریاست وسیع ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک سے جڑ گئی ہے۔ وزیرِاعظم نریندر مودی آج میزورم کے دورے پر ہیں اور یہاں انہوں نے بائربی۔سیرانگ براڈ گیج ریلوے لائن کو ہری جھنڈی دکھائی۔
کروڑ روپے کی لاگت والی منصوبہ
اس نئی ریل لائن کی لاگت 8070 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے میزورم کی دارالحکومت پہلی بار ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک سے جڑ گئی ہے۔ یہ ریل منصوبہ نہایت مشکل اور پہاڑی خطے میں تیار کیا گیا ہے، جہاں پیچیدہ ارضیاتی حالات میں 45 سرنگیں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں 55 بڑے پل اور 88 چھوٹے پل بھی شامل ہیں، جن میں سے ایک پل دہلی کے قطب مینار سے بھی اونچا ہے۔
شمال مشرقی سرحدی ریلوےکے مطابق، راجدھانی ایکسپریس 2,510 کلومیٹر کا فاصلہ 43 گھنٹے 25 منٹ میں طے کرے گی اور اس کی اوسط رفتار 57.81 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ آج یعنی 13 ستمبر کو ہونے والی افتتاحی یاترا کا وقت الگ ہوگا، لیکن رکنے کے مقامات، کوچوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات باقاعدہ سروس جیسی ہی رہیں گی۔
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اعلان کیا کہ مال گاڑی کی خدمات فوراً شروع ہوں گی اور اتوار سے تین مسافر ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی۔ یہ میزورم کی کنیکٹیویٹی میں ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ان خدمات میں دہلی کے لیے راجدھانی ایکسپریس، کولکاتہ ٹرائی ویکلی ایکسپریس اور گواہاٹی کے لیے میزورم ایکسپریس (روزانہ سروس) شامل ہیں، جنہیں مستقبل میں اور بھی بڑھانے کی منصوبہ بندی ہے۔
۔51.38 کلومیٹر طویل بائربی۔سیرانگ براڈ گیج ریلوے لائن منصوبہ مرکز کی "ایکٹ ایسٹ پالیسی" کا حصہ ہے۔** یہ لائن آئزول کو آسام کے شہر سلچر اور پھر پورے ملک سے جوڑے گی اور سب سے اہم بات یہ کہ یہ پہلی بار میزورم کو ہندوستان کے ریلوے نیٹ ورک سے جوڑ دے گی۔
۔2008-2009 میں منظور کیے گئے اس منصوبے کو شمال مشرقی سرحدی ریلوے نے 8,213.72 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، وزیرِاعظم نریندر مودی نے اس منصوبے کی بنیاد 2014 میں رکھی تھی اور اس کا تعمیراتی کام 2015 سے شروع ہو کر 10 سال میں مکمل ہوا۔
ٹرین کا روٹ اور ٹائم ٹیبل
افتتاحی یاترا کے دوران 20 کوچوں والی یہ ٹرین صبح 10 بجے آئزول سے 22 کلومیٹر دور واقع سیرانگ اسٹیشن سے روانہ ہوگی اور پیر کی صبح 7:30 بجے دہلی کے آنند وہار اسٹیشن پہنچے گی۔
ٹرین نمبر 20597 کی باقاعدہ سروس 19 ستمبر سے شروع ہوگی۔ یہ ٹرین ہر ہفتے کے روز شام 4:30 بجے سیرانگ سے روانہ ہوگی اور پیر کی صبح 10:50 بجے آنند وہار پہنچ جائے گی۔ واپسی میں یہ ٹرین نمبر 20598 کی شکل میں پیر شام 7:50 بجے آنند وہار سے چلے گی اور منگل کو دوپہر 3:15 بجے سیرانگ پہنچے گی۔
یہ ٹرین سیرانگ اور آنند وہار کے درمیان 21 اسٹیشنوں پر رکے گی جن میں نمایاں اسٹیشن گواہاٹی، نیو کوچ بہار، نیو جلپائی گوڑی، مالدہ ٹاؤن، بھاگلپور، پٹنہ، پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن اور کانپور شامل ہیں
بائربی۔سیرانگ لائن پر ڈیزل انجن کا استعمال
بائربی سے گواہاٹی تک ڈیزل انجن کا استعمال کیا جائے گا کیونکہ بائربی۔سیرانگ لائن ابھی تک بجلی سے نہیں چلتی۔ گواہاٹی پہنچنے پر ڈیزل انجن کو آنند وہار تک کے سفر کے لیے الیکٹرک انجن سے بدل دیا جائے گا۔
جیسا کہ بتایا گیا، چار نئے ریلوے اسٹیشنوں – ہرتکی، کاونپوی، موالکھانگ اور سیرانگ کی تعمیر کے ساتھ اس منصوبے کی لاگت 8,071 کروڑ روپے رہی۔ یہ روٹ نوکیلے پہاڑوں، گہری وادیوں اور گھنے جنگلات سے گزرتا ہے جس میں 48 سرنگیں اور 150 سے زیادہ پل شامل ہیں۔
میزورم میں تعمیراتی سامان جیسے ریت، پتھر، چپس اور دیگر کی کمی کے باعث ریلوے کو یہ سب آس پاس کی ریاستوں آسام، مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ، میگھالیہ اور دیگر سے سڑک اور ریلوے کے ذریعے منگوانا پڑا۔
قابلِ غور بات یہ ہے کہ اب تک میزورم میں ٹرین سفر صرف آسام کے سلچر۔بائربی روٹ تک محدود تھا۔ اس کے علاوہ سلچر سے آئزول تک سڑک کے ذریعے تقریباً 150 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں تقریباً 1,000 روپے خرچ آتا تھا۔ لیکن اب یہی سفر ٹرین کے ذریعے 80 روپے سے کم میں مکمل ہوگا، جس سے یہاں کے لوگ دہلی، کولکاتہ، گواہاٹی اور سلچر جیسے مراکز میں بہتر صحت، تعلیم اور کاروباری سہولیات حاصل کر سکیں گے۔