نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کے روز مودی حکومت پر سخت الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ’’مزدور مخالف اور سرمایہ داروں کی حامی‘‘ ہے۔ کھڑگے کے مطابق حال ہی میں نافذ کی گئی چار لیبر کوڈز مزدوروں کے روزگار کی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔
کھڑگے کے ساتھ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کئی دیگر اپوزیشن اراکینِ پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے احاطے میں لیبر کوڈز کے خلاف احتجاج کیا۔ بعد ازاں کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا: "مودی حکومت مزدور مخالف، ملازم مخالف اور سرمایہ داروں کی حمایتی ہے۔ آج ہم نے پارلیمنٹ میں نئی لیبر کوڈز کے خلاف سخت اعتراضات درج کرائے۔ ان میں کئی سنگین مسائل ہیں۔
کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ نئے قوانین کے تحت کمپنیوں میں چھانٹی (Lay-off) کی حد 100 کارکنوں سے بڑھا کر 300 کر دی گئی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ملک کی تقریباً 80 فیصد فیکٹریاں اب حکومت کی منظوری کے بغیر ہی کارکنوں کو ملازمت سے نکال سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ملازمین کی نوکری کی حفاظت کمزور ہو جائے گی۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ مدتِ مقررہ ملازمت (Fixed-term employment) کو بڑھانے سے مستقل نوکریاں کم ہوتی جائیں گی اور کمپنیاں طویل مدتی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیے قلیل مدتی کنٹریکٹ پر مزدوروں کو رکھ سکیں گی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ: "کاغذ پر اگرچہ 8 گھنٹے کام لکھا ہے، لیکن 12 گھنٹے کی شفٹ کی بھی اجازت دے دی گئی ہے، جس سے تھکاوٹ اور حادثات کے خطرات بڑھ جائیں گے۔" کانگریس صدر نے کوڈز پر مزید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ: یہ تارکینِ وطن مزدوروں کے تحفظ میں ناکام ہیں، بے دخلی الاؤنس ختم کر دیا گیا ہے، اور 18,000 روپے ماہانہ کی محدود آمدنی کی شرط برقرار ہے، جس کے باعث بہت سے مزدور سماجی تحفظ کے دائرے سے باہر رہ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آدھار پر مبنی لازمی رجسٹریشن کے سبب غیر رسمی مزدوروں اور مہاجرین کے باہر رہ جانے کا خطرہ اور بڑھ جائے گا، کیونکہ انہیں اکثر دستاویزی غلطیوں اور محدود ڈیجیٹل رسائی کا سامنا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے 21 نومبر کو 2020 سے زیر التواء چاروں لیبر کوڈز نافذ کر دیے تھے، جن میں کم از کم اجرت کی بروقت ادائیگی اور سب کے لیے سماجی تحفظ جیسے مزدور دوست اقدامات کی بات کی گئی ہے۔