مودی حکومت ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئی: راہل گاندھی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-08-2025
مودی حکومت ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئی: راہل گاندھی
مودی حکومت ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئی: راہل گاندھی

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے ملازم انتخاب کمیشن (ایس ایس سی) کے احتجاجی امیدواروں پر پولیس کے مبینہ طاقت کے استعمال کی پیر کے روز مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا اور الزام لگایا کہ مودی حکومت کو ملک کے نوجوانوں کی کوئی فکر نہیں ہے کیونکہ وہ عوام کے ووٹ چرا کر اقتدار میں آئی ہے۔
پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی مبینہ طاقت کے استعمال کی مذمت کی اور دعویٰ کیا کہ ملک کے نوجوانوں کا مستقبل چرانا مودی حکومت کی عادت بن چکی ہے۔ امتحانات کے بہتر انتظام کے مطالبے کو لے کر ایس ایس سی کے طلبہ اور اساتذہ نے اتوار کو رام لیلا میدان میں احتجاج کیا تھا۔ تاہم پولیس نے اپوزیشن کے ان دعووں کو مسترد کیا ہے کہ مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا۔
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا كہ رام لیلا میدان میں پُرامن احتجاج کر رہے ایس ایس سی امیدواروں اور اساتذہ پر وحشیانہ لاٹھی چارج صرف شرمناک ہی نہیں بلکہ ایک بزدل حکومت کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا كہ نوجوانوں نے صرف اپنا حق مانگا تھا — روزگار اور انصاف۔ ملا کیا؟ لاٹھیاں۔
راہول گاندھی نے الزام لگایا كہ صاف ہے کہ مودی حکومت کو نہ ملک کے نوجوانوں کی فکر ہے اور نہ ان کے مستقبل کی۔ ہو بھی کیوں؟ یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ ووٹ چرا کر اقتدار میں آئی ہے۔
انہوں نے بی جے پی پر نشانہ  سادھتے ہوئے کہا كہ پہلے ووٹ چرائیں گے، پھر امتحان چرائیں گے، پھر نوکریاں چرائیں گے، پھر آپ کا حق اور آواز — دونوں کچل دیں گے۔
راہول گاندھی نے کہا كہ نوجوانوں، کسانوں، غریبوں، بہوجنوں اور اقلیتوں، آپ کا ووٹ انہیں چاہیے ہی نہیں، اس لیے آپ کے مطالبات کبھی ان کی ترجیح نہیں ہوں گے۔ اب وقت ہے — ڈرنے کا نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا۔
کھڑگے نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا كہ ملک کے نوجوانوں کا مستقبل چرانا مودی حکومت کی عادت بن چکی ہے۔ دہلی کے رام لیلا میدان میں ایس ایس سی امتحانات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہے طلبہ پر مودی حکومت کی کٹھ پتلی پولیس کے ذریعے ظالمانہ لاٹھی چارج انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پچھلے 11 برسوں میں بی جے پی نے نوجوانوں کی بھرتی امتحان سے نوکری تک کا سفر پیپر لیک مافیا کے حوالے کر دیا ہے۔ کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ بی جے پی-آر ایس ایس نے تعلیمی نظام کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا كہ ملک کے نوجوان غصے میں ہیں، اب یہ نوجوان یہ ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے الزام لگایا کہ ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دورِ حکومت میں بھرتی کے عمل اور امتحانات میں موجود بدعنوانی نوجوانوں کا مستقبل برباد کر رہی ہے۔
پرینکا گاندھی نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا كہ دہلی کے رام لیلا میدان میں احتجاج کر رہے ایس ایس سی طلبہ پر پولیس کا طاقت کا استعمال غیر انسانی اور شرمناک ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہر امتحان میں دھاندلی، ہر بھرتی میں گھوٹالا اور پیپر لیک سے پورے ملک کے نوجوان پریشان ہیں اور بی جے پی کے راج میں بھرتی کے عمل اور امتحانات میں بدعنوانی نوجوانوں کا مستقبل برباد کر رہی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا كہ اسے درست کرنے اور نوجوانوں کی آواز سننے کے بجائے ان پر لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں، جو افسوسناک ہے۔ طلبہ پر ظلم کرنے کے بجائے ان کی بات سنی جانی چاہیے۔