نئی دہلی: انتخابی کمیشن نے بدھ کے روز کہا کہ بہار سے متعلق اعلانات اور پالیسی فیصلوں کے سلسلے میں ضابطۂ اخلاق (Model Code of Conduct) کے ضوابط مرکزی حکومت پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔ انتخابی کمیشن (ای سی) کی جانب سے پیر کے روز بہار اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے فوراً بعد ہی چناؤ ضابطۂ اخلاق نافذ ہو گیا تھا۔
ریاست میں ووٹنگ 6 اور 11 نومبر کو ہوگی جبکہ گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔ یہاں جاری ایک بیان میں کمیشن نے کہا: "بہار کے لیے کیے جانے والے اعلانات یا پالیسی فیصلوں کے تعلق سے ضابطۂ اخلاق مرکزی حکومت پر بھی نافذ العمل ہوگا۔" کمیشن نے مزید کہا کہ شہریوں کی نجی زندگی اور رازداری کا احترام کیا جانا چاہیے اور نجی رہائش گاہوں کے باہر کسی قسم کا مظاہرہ یا بھیڑ جمع نہیں ہونی چاہیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ: "کسی زمین، عمارت یا دیوار کا استعمال مالک کی اجازت کے بغیر جھنڈے، بینر یا پوسٹر لگانے کے لیے نہیں کیا جائے گا۔" کمیشن نے بہار کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری، عوامی اور نجی جائیدادوں پر لگی غیر مجاز انتخابی مواد یا وال چاکنگ کو فوری طور پر ہٹائیں۔
ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت، امیدوار یا انتخاب سے وابستہ شخص کو سرکاری گاڑی یا سرکاری رہائش کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، اور سرکاری خزانے سے اشتہارات جاری کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔