نئی دہلی/ آواز دی وائس
معروف اداکار متھن چکرورتی نے پاکستان کے رہنماؤں کی دھمکیوں کا بھرپور جواب دیا ہے۔ پاکستان کے سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور فوج کے سربراہ منیر کے ہندوستان مخالف بیانات پر متھن دا نے اپنے انداز میں سخت ردِعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی عوام کے خلاف نہیں ہیں، وہاں کی عوام جنگ نہیں چاہتی۔ لیکن اگر وہاں کے رہنما اسی طرح ہندوستان کے خلاف بیان بازی کرتے رہے اور ہمارا دماغ خراب ہوا تو ایک کے بعد ایک برہموس میزائل داغی جائے گی۔ متھن نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسا بند بنائیں گے، جس میں 140 کروڑ ہندوستانی پیشاب کریں گے اور بند کھلتے ہی پاکستان میں سونامی آ جائے گی، گولی چلانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان کے اس بیان نے پاکستانی رہنماؤں کی گیدڑ بھبکی کو مذاق کا نشانہ بنا دیا۔
پاکستان کی مسلسل دھمکیاں
پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے خلاف جارحانہ بیان بازی اور دھمکیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ حال ہی میں بلاول بھٹو نے سندھ طاس معاہدے کو لے کر ہندوستان کو جنگ کی دھمکی دی۔ ایک تقریب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان نے معاہدے میں تبدیلی کی تو یہ پاکستان کی ثقافت اور تہذیب پر حملہ ہوگا، جس کی قیمت ہندوستان کو چکانی پڑے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان جنگ کی صورت میں ہندوستان کا مقابلہ کرنے اور اپنی چھ دریائیں واپس لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
منیر کی دھمکی پر ہندوستان کا سخت جواب
اس سے پہلے، پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے فلوریڈا میں پاکستانی تارکینِ وطن سے خطاب کرتے ہوئے ایٹمی حملے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان نے پانی روکا تو پاکستان ہندوستانی بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دے گا اور "آدھی دنیا کو تباہی کے راستے پر لے جائے گا۔ پاکستان کی ان دھمکیوں پر ہندوستان نے سخت ردِعمل دیا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار کی دھمکی دینا پاکستان کی پرانی عادت ہے۔ ہندوستان کسی بھی ایٹمی بلیک میل کے آگے نہیں جھکے گا اور اپنی قومی سلامتی کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گا۔" انہوں نے پاکستان کی فوج اور دہشت گرد تنظیموں کے درمیان گٹھ جوڑ پر بھی سوال اٹھایا، جس سے وہاں کی ایٹمی کمان کی ساکھ پر شبہ پیدا ہوتا ہے۔