۔ 8 سال بعد ریل کے ذریعے ملا لاپتہ شوہر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-09-2025
۔ 8 سال بعد ریل کے ذریعے ملا لاپتہ شوہر
۔ 8 سال بعد ریل کے ذریعے ملا لاپتہ شوہر

 



ہردوئی/ آواز دی وائس
 اتر پردیش کے ہردوئی ضلع سے ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں آٹھ سال بعد ایک شخص کو ریل (ویڈیو) میں دیکھنے کے بعد اس کی بیوی نے پولیس سے شکایت درج کرائی۔ پولیس نے اس شخص کو گرفتار بھی کر لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ شخص آٹھ سال پہلے لاپتہ ہوگیا تھا، اس کے بعد اچانک ایک عورت کے ساتھ ریل میں دکھائی دیا۔ یہ عورت اس کی دوسری بیوی بتائی جا رہی ہے۔ اس کے بعد پہلی بیوی نے پولیس میں شکایت درج کرائی، جس پر پولیس نے اسے اپنی پہلی بیوی کو چھوڑ کر دوسری عورت سے شادی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
حاملہ بیوی کو چھوڑ کر ہو گیا تھا فرار
حکام نے بتایا کہ ملزم جیتندر عرف ببلو 2018 میں اپنی حاملہ بیوی شیلُو کو چھوڑ کر پنجاب کے لدھیانہ میں رہنے لگا تھا۔ وہاں اس نے مبینہ طور پر دوسری شادی کر لی تھی۔ یہ انوکھا معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب سنڈیلا علاقے کے مرار نگر کی رہائشی شیلُو (پہلی بیوی) نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو (ریل) میں اپنے شوہر کو ایک عورت کے ساتھ دیکھا۔ ریل میں شوہر کو دیکھنے کے بعد شیلُو نے پولیس سے رابطہ کیا۔ اس کے بعد پولیس نے اس کی شناخت اور موجودگی کی تصدیق کرکے تفتیش شروع کی۔
دوسری عورت کے ساتھ رہ رہا تھا شوہر
پولیس حکام نے بتایا کہ آٹامؤ گاؤں کے رہائشی جیتندر کے والد نے 2018 میں اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اس وقت خاندان نے شیلُو کے رشتہ داروں پر بھی الزام لگایا تھا۔ حکام کے مطابق شیلُو کی شکایت پر جیتندر کے خلاف پہلی بیوی کو چھوڑ کر دوسری عورت سے شادی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کی ایک ٹیم کو لدھیانہ بھیجا گیا، جس نے جیتندر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے علاقائی افسر سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور آئندہ قانونی کارروائی جاری ہے۔