نئی دہلی: فلم ’مرزا پور: دی مووی‘ نے گھریلو باکس آفس پر 170 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔ فلم میں پنکج ترپاٹھی، علی فضل اور دویندو سمیت کئی اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ یہ فلم 4 ستمبر کو ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی 2018 میں ’مرزا پور‘ ویب سیریز سے شروع ہونے والی کہانی بڑے پردے تک پہنچ گئی۔
او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ’مرزا پور‘ کے تینوں سیزن کامیاب ترین ویب سیریز میں شمار کیے گئے تھے۔ او ٹی ٹی یعنی ’اوور دی ٹاپ‘ ایسا تفریحی پلیٹ فارم ہے، جہاں انٹرنیٹ کے ذریعے فلمیں، ویب سیریز اور دیگر مواد دیکھا جاتا ہے۔
فلموں کی باکس آفس کمائی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’سیکنلک‘ کے مطابق، ’مرزا پور: دی مووی‘ نے گھریلو باکس آفس پر اب تک مجموعی طور پر 177.44 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ یہ فلم ’مرزا پور‘ کی اسی انتشار زدہ دنیا کو دوبارہ پردے پر لاتی ہے، جہاں گولیوں کی بوچھار، دھوکے اور خونی دشمنی کے درمیان اقتدار کی جنگ جاری رہتی ہے۔
فلم کی کہانی 2018 کے پس منظر میں ہے اور یہ شو کے پہلے سیزن کے ایک ایسے ان کہے باب کی طرف اشارہ کرتی ہے جو پہلے سامنے نہیں آیا تھا۔ فلم میں اداکارہ رسیکا دوگل، شریا پلگاؤںکر، شویتا ترپاٹھی اور اداکار ابھیشیک بنرجی بھی شامل ہیں۔ یہ تمام فنکار اپنے پرانے کردار دوبارہ ادا کر رہے ہیں۔ وہیں جتیندر کمار، روی کشن اور سونل چوہان کو فلم میں نئے فنکاروں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔