بی جے پی کے بانی جنرل سکریٹری سکندر بخت کی یوم پیدائش پر اقلیتی مورچہ پیش کرے گا خراج عقیدت
نئی دہلی / آواز دی وائس
بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی کی قیادت پدم وبھوشن ایوارڈ یافتہ اور بی جے پی کے بانی جنرل سیکریٹری سکندر بخت کی یومِ پیدائش کے موقع پر 24 اگست کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ دہلی سمیت ملک بھر میں تعزیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس کا آغاز مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی دہلی کے مولانا آزاد میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے قریب مہندیا قبرستان میں واقع سکندر بخت کی مزار پر پھول چڑھا کر کریں گے۔
اس موقع پر اقلیتی مورچہ دہلی پردیش کی جانب سے ایک تعزیتی سبھا بھی منعقد کی جائے گی۔ پروگرام کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور مورچہ کے تمام صوبائی صدور کو خط لکھ کر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
قومی صدر جمال صدیقی نے بتایا کہ سکندر بخت اُن چند رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے بی جے پی کی بنیاد رکھی تھی۔ انہیں پارٹی کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا اور 1984 میں وہ پارٹی کے نائب صدر کے عہدے تک پہنچے۔ بی جے پی کے ابتدائی دنوں میں سکندر بخت پارٹی کا مسلم چہرہ ہوا کرتے تھے۔
آگے چل کر وہ 13 دن کی اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں وزیرِ خارجہ بھی رہے۔ سکندر بخت 1990 میں راجیہ سبھا پہنچے اور 1992 میں انہیں قائدِ حزبِ اختلاف چُنا گیا۔ 2002 میں انہیں کیرالہ کا گورنر مقرر کیا گیا اور اسی دوران 23 فروری 2004 کو ان کا انتقال ہو گیا۔ جبکہ سال 2000 میں انہیں پدم وبھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔