کشمیرمیں تصادم4 جنگجو ہلاک، ایک زندہ گرفتار : آئی جی کشمیر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
کشمیرمیں تصادم4 جنگجو ہلاک، ایک زندہ گرفتار : آئی جی کشمیر
کشمیرمیں تصادم4 جنگجو ہلاک، ایک زندہ گرفتار : آئی جی کشمیر

 

 

سری نگر: جنوبی ضلع پلوامہ ، وسطی ضلع گاندربل اور ہندواڑہ میں شبانہ تصادم آرائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے جیش اور لشکر طیبہ سے وابستہ 4 جنگجووں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع پلوامہ کے چیوا کلان علاقے میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں 2 جنگجو مارے گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ جیش سے وابستہ ہے اور اُن کی تحویل سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

ادھر درمیانی رات کو راجوار ہندواڑہ میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔

تو اسی دوران خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی ۔

انہوں نے بتایا کہ حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی ۔

اُن کے مطابق کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک جنگجو مارا گیا۔ دریں اثنا وسطی ضلع گاندربل کے نونر علاقے میں بھی سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم آرائی میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا جبکہ علاقے میں آپریشن ہنوزجاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات کو جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر میں تین مقامات پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا جس دوران جیش اور لشکر طیبہ سے وابستہ 4 ملی ٹینٹ مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ چیوا کلان پلوامہ میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں ممنوع تنظیم جیش سے وابستہ دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔

اُن کے مطابق گاندربل اور ہندواڑہ میں دو جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ وسطی ضلع گاندربل کے نونر علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔

آئی جی کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ تصادم آرائی کے دوران ایک سرگرم ملی ٹینٹ کوبھی زندہ گرفتار کیا گیا ہے۔

ادھر پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

بتادیں کہ جمعے کی شام کو کولگام میں مشتبہ جنگجووں نے ایک سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کردیا جبکہ دو روز قبل کھنموہ سری نگر میں بھی پی ڈی پی سے وابستہ ایک سرپنچ کو گھر میں گھس کر فائرنگ کی گئی جس وجہ سے اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے گزشتہ روز جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا تھا کہ کشمیر میں ملی ٹینٹوں کا گراف کافی نیچے آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وادی میں جتنے بھی ملی ٹینٹ سرگرم ہیں اُن کو ٹریک کرنے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جارہا ہے اور بہت جلد وادی کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئیں گے۔ (ایجنسی)