میلاد تعطیل معاملہ۔ فیصلہ عوامی جذبات کے منافی:عمر عبداللہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2025
میلاد تعطیل معاملہ۔ فیصلہ عوامی جذبات کے منافی:عمر  عبداللہ
میلاد تعطیل معاملہ۔ فیصلہ عوامی جذبات کے منافی:عمر عبداللہ

 



سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عید میلاد النبی(ص) کی تعطیل کو لے کر حکومت کے حالیہ فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری کلینڈر میں واضح طور پر درج ہے کہ ’’تعطیل کا انحصار چاند کی رویت پر ہے‘‘ لیکن اس کے باوجود موجودہ غیر منتخبہ انتظامیہ نے تعطیل کو آگے بڑھانے سے انکار کیا، جو عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔
وزیر اعلیٰ نے جمعے کو ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا:’سرکاری پریس کی طرف سے چھاپے گئے کلینڈر میں بالکل صاف درج ہے’تعطیل کا انحصار چاند کی رویت پر ہے‘۔حکومت کا یہ جان بوجھ کر لیا گیا فیصلہ کہ تعطیل کو آگے نہ بڑھایا جائے، نہ صرف غیر دانشمندانہ ہے بلکہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے کیا گیا معلوم ہوتا ہے۔
عمر عبداللہ نے اپنی پوسٹ کے ساتھ سرکاری کلینڈر کے ستمبر ماہ کی کاپی بھی منسلک کی تاکہ یہ بات واضح ہو سکے کہ تعطیل مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ رویہ کشمیری عوام کے مذہبی حساسیت کے برعکس ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ’اگر ماضی میں منتخب حکومتیں عوامی جذبات کا خیال رکھتے ہوئے تعطیل میں لچک دکھا سکتی تھیں تو آج یہ ضد کیوں؟ یہ رویہ نہ صرف غیر شفاف ہے بلکہ لوگوں کے مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت بھی ہے۔ ‘
انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عید میلاد النبی(ص) کی تعطیل کے حوالے سے عوامی جذبات کا احترام کرے اور فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔