مگ-21 کی آخری پرواز، وزیردفاع بنے گواہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-09-2025
مگ-21 کی آخری پرواز، وزیردفاع بنے گواہ
مگ-21 کی آخری پرواز، وزیردفاع بنے گواہ

 



چنڈی گڑھ: چھ دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے تک بھارتی فضائیہ کے لڑاکا بیڑے کی ریڑھ کی ہڈی رہے مشہور جنگی طیارے میکویان-گرویچ مگ-21 نے جمعہ کے روز آسمان میں اپنی آخری پرواز بھری اور اس کی رخصتی تاریخ اور ان گنت یادوں میں درج ہو گئی۔

اس موقع پر سورج چمک رہا تھا، آسمان صاف اور نیلا تھا، جو 1960 کی دہائی میں بھارتی فضائیہ میں شامل کیے گئے روسی نژاد جنگی طیارے کو شاندار الوداع دینے کے لیے ایک مثالی منظر پیش کر رہا تھا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مگ-21 کو ایک طاقتور طیارہ اور قومی فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طیارے کے ساتھ ایک گہرا لگاؤ ہے، جس نے ہمارے اعتماد کو جلا بخشی۔

انہوں نے کہا، ’’مگ-21 صرف ایک طیارہ یا مشین نہیں ہے بلکہ یہ ہند-روس کے مضبوط تعلقات کی علامت بھی ہے۔‘‘ راجناتھ سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’فوجی ہوا بازی کی تاریخ شاندار ہے۔ مگ-21 نے ہماری فضائیہ کی تاریخ میں کئی فخر کے لمحات جوڑے ہیں۔‘‘ اس موقع پر راجناتھ سنگھ کے علاوہ فضائیہ کے سابق سربراہ اے وائی ٹپنِس، ایس پی تیاگی اور بی ایس دھنوآ، نیز فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلہ بھی موجود تھے۔

ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے "بادل 3" کال سائن والے مگ-21 بائسن طیارے میں پرواز بھری۔ 1981 میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ بننے والے دلباغ سنگھ نے 1963 میں یہاں پہلی مگ-21 اسکواڈرن کی قیادت کی تھی۔ مگ-21 طیاروں کی سروس کا اختتام ایک باضابطہ فلائی پاسٹ اور شاندار تقریب کے ساتھ ہوا، جو بھارت کی فضائی طاقت کے ایک تاریخی باب کے خاتمے کی علامت ہے۔ ملک کے پہلے سپرسونک لڑاکا اور انٹرسیپٹر طیارے کو چنڈیگڑھ میں ریٹائر کیا گیا، وہیں جہاں اسے پہلی بار شامل کیا گیا تھا۔

اس موقع پر بھارتی فضائیہ کی مشہور اسکائی ڈائیونگ ٹیم "آکاش گنگا" نے 8,000 فٹ کی بلندی سے شاندار مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد مگ-21 طیاروں کی جاندار پرواز، فضائی جنگجوؤں کی ڈرل ٹیم کی دلکش پیشکش اور فضائی سلامی دی گئی۔ لڑاکا پائلٹوں نے تین طیاروں والے "بادل" فارمیشن میں مگ-21 اڑائے اور چار طیاروں والے "پینتھر" نے آخری بار آسمان میں پرواز کی۔

"سوریہ کرن" ایروبیٹک ٹیم نے بھی اپنے حیرت انگیز کرتبوں سے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ 23 ویں اسکواڈرن کے مگ-21 طیاروں نے فلائی پاسٹ تقریب میں حصہ لیا۔ جگوار اور تیجس طیارے بھی اس تقریب میں شامل ہوئے۔ شمولیت کے بعد بھارتی فضائیہ نے اپنی مجموعی جنگی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے 870 سے زیادہ مگ-21 طیارے خریدے۔ 1965 اور 1971 میں پاکستان کے ساتھ ہونے والی جنگوں میں ان طیاروں نے نہایت اہم کردار ادا کیا۔

۔ 1999 کی کارگل جنگ اور 2019 کے بالاکوٹ فضائی حملوں میں بھی اس طیارے نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ مگ-21 طیاروں نے باضابطہ ریٹائرمنٹ سے ایک ماہ قبل راجستھان کے بیکانیر میں نال فضائیہ اسٹیشن سے اپنی آخری پرواز بھری تھی۔