بنگلورو: امریکی کثیر القومی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ستیا نڈیلا نے جمعرات کو کہا کہ کمپنی بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہندوستان کے مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence – AI) کے ماحول کے تئیں اپنی وابستگی کو مزید مضبوط کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مائیکروسافٹ ‘کلاؤڈ’ کے شعبے میں اپنی موجودگی کو بڑھا رہا ہے اور اے آئی سے آگے بڑھتے مستقبل کے لیے لاکھوں ہندوستانی شہریوں کو تربیت دینے پر زور دے رہا ہے۔ بنگلورو میں منعقد مائیکروسافٹ کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نڈیلا نے کہا: ہم ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے پر بہت پُرجوش ہیں تاکہ یہاں بہترین معیار کا انفراسٹرکچر لایا جا سکے۔ یہ 17.5 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری ہے۔
نڈیلا نے اسے ایشیا میں مائیکروسافٹ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری قرار دیا۔ انہوں نے ملک بھر میں کمپنی کے کلاؤڈ نیٹ ورک کے تیز رفتار پھیلاؤ پر زور دیتے ہوئے کہا: ہم Azure کو دنیا کے کمپیوٹر کے طور پر تیار کر رہے ہیں، اور دنیا بھر میں ہمارے 70 سے زیادہ ڈیٹا سینٹر ریجن موجود ہیں۔ ہندوستان میں ہماری موجودگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
اب ہمارے پاس وسطی ہندوستان، مغربی ہندوستان، جنوبی ہندوستان میں نیٹ ورک ہے، اور ہم نے جیو کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2026 میں ایک نیا ڈیٹا سینٹر ریجن فعال ہو جائے گا۔ نڈیلا نے کہا: ہمیں بے حد خوشی ہے کہ 2026 میں جنوبی وسطی خطے میں ہمارا نیا ڈیجیٹل سینٹر قائم ہوجائے گا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ماحول دوست ہوگا۔
انہوں نے اے آئی کے بڑھتے استعمال کے دور میں ڈیجیٹل خودمختاری اور سائبر سکیورٹی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ نڈیلا نے کہا: ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ خودمختاری کے لیے وسیع اختیارات دستیاب ہوں۔ اس لیے آپ کے پاس پبلک کلاؤڈ بھی ہے اور پبلک کلاؤڈ میں خودمختار کنٹرول بھی موجود ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خودمختاری کو سکیورٹی سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔ ستیا نڈیلا نے بتایا کہ حال ہی میں ان کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے معاشرہ، معیشت اور ترقی کو رفتار دینے کے لیے اس 17.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ان کی پچھلی ہندوستان یاترا کے دوران اعلان کردہ 3 ارب ڈالر کے اضافی ہے۔ ہندوستان میں ٹیلنٹ کی دستیابی کے بارے میں نڈیلا نے کہا کہ کمپنی اپنے اسکل ڈویلپمنٹ پروگراموں پر مزید توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا: ہم پورے ہندوستان میں اب دو کروڑ لوگوں کو اے آئی کے شعبے میں تربیت دینے جا رہے ہیں۔
نڈیلا نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی ای-شرم جیسی اسکیمیں اس بات کو ظاہر کرتی ہیں کہ اے آئی کس طرح غیر منظم سیکٹر کے مزدوروں کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا: ہندوستان 2030 تک GitHub کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی کمیونٹی بننے کی سمت بڑھ رہا ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر ستیا نڈیلا نے مائیکروسافٹ کے بنیادی مشن کو دہراتے ہوئے کہا: آخرکار ہمارا مقصد ہے کہ ہندوستان میں ہر فرد اور ہر ادارے کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کے قابل بنائیں۔ آئیے اس کام کو آگے بڑھاتے رہیں۔