روہنگیا کوفلیٹ فراہم کرنے کے لیے کوئی نہیں ہدایت دی گئی: وزارت داخلہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-08-2022
روہنگیا کوفلیٹ فراہم کرنے کے لیے کوئی نہیں ہدایت دی گئی: وزارت داخلہ
روہنگیا کوفلیٹ فراہم کرنے کے لیے کوئی نہیں ہدایت دی گئی: وزارت داخلہ

 

 

نئی دہلی: وزارت داخلہ نے بدھ کے روز واضح کیا کہ دہلی کے بکر والا میں غیر قانونی روہنگیا مہاجرین کو ای ڈبلیو ایس فلیٹ فراہم کرنے کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے۔ بتا دیں کہ اس سے قبل یہ خبریں آئی تھیں کہ غیر قانونی روہنگیا غیر ملکیوں کو ای ڈبلیو ایس فلیٹس میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ دہلی حکومت نے روہنگیا کو ایک نئے مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کی۔ وزارت داخلہ نے قومی دارالحکومت علاقہ دہلی کی حکومت کو ہدایت دی ہےکہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ روہنگیاغیرقانونی غیرملکی موجودہ جگہ پر رہیں۔ کیونکہ وزارت داخلہ پہلے ہی ان کی ملک بدری کا معاملہ وزارت خارجہ کے ذریعے متعلقہ ملک کے ساتھ اٹھا چکی ہے۔ 

وزارت نے کہا کہ غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے غیر ملکیوں کو قانون کے مطابق ان کی ملک بدری تک حراستی مراکز میں رکھا جائے گا۔ دہلی حکومت نے موجودہ مقام کو ڈینٹیشن سینٹر قرار نہیں دیا ہے۔ انہیں فوری طور پر ایسا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قبل ازیں مرکزی ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا تھا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کو بیرونی دہلی کے بکر والا میں اپارٹمنٹس میں منتقل کیا جائے گا اور انہیں بنیادی سہولیات اور پولیس تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کہا کہ دہلی کے لوگ اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

دوسری طرف وشو ہندو پریشد کے مرکزی ورکنگ صدر آلوک کمار نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے ساتھ اس معاملے پر دوبارہ غور کرنے اور روہنگیاؤں کو رہائش فراہم کرنے کے بجائے واپس بھیجنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

ای ڈبلیو ایس فلیٹ نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کے ذریعہ تعمیر کیے گئے ہیں اور یہ ٹکری سرحد کے قریب بکر والا علاقے میں واقع ہے۔