پنجاب کا سیلاب ۔میوات کی 80 سالہ مسلم خاتون نے اپنی بچت اور زیورات امداد کے لیے عطیہ کر دیے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2025
پنجاب کا سیلاب ۔میوات کی  80 سالہ مسلم خاتون نے اپنی  بچت اور زیورات امداد کے لیے عطیہ کر دیے
پنجاب کا سیلاب ۔میوات کی 80 سالہ مسلم خاتون نے اپنی بچت اور زیورات امداد کے لیے عطیہ کر دیے

 



میوات: پنجاب میں سیلاب  سے حالات بد سے بدتر ہوگئے ہیں ، جہاں سرکاری امداد کے ساتھ انفرادی اور تنظیمی امداد پہنچ رہی ہے ،ہر کوئی کوشش کررہا ہے کہ متاثرین تک زیادہ سے زیادہ مدد پہنچ سکے ۔ اس سلسلے میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے انسانیت کے پہلو کو اجاگر کیا ہے ۔ دراصل میوات کی   کی 80 سالہ خاتون نے اپنی جمع پونجی اور زیورات پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے عطیہ کر دیے۔ان کی یہ قربانی اور ہمدردی پر مبنی عمل پوری قوم کے لیے الهام کا ذریعہ بن گیا۔یہ عطیہ کسی خاص قسم کے زیور کے لیے نہیں تھا بلکہ ان کی ذاتی چیزوں اور زیورات کا ایک مجموعہ تھا، جسے انہوں نے بیچ کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے رقم فراہم کی۔اس خبر کا اصل مرکز ان کا جذبۂ انسانیت اور بے لوث خدمت ہے

یہ خاتون ر حیمی ہیں ، جو نوح کے گاؤں تِلکپوری کی رہائشی ہیں،انہوں  نے اپنی چاندی کی چوڑی بچا رکھی تھی تاکہ اسے کسی غریب لڑکی کی شادی پر تحفے میں دے سکیں۔ لیکن اب وہ اپنی کلائی سے چوڑی اتار کر سیلاب زدہ پنجاب کے لیے ریلیف اکٹھا کرنے والے رضاکاروں کے حوالے کر دی ۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ میں نے چاہا تھا کہ اپنی موت سے پہلے یہ کسی غریب لڑکی کی شادی پر دے دوں، لیکن میرا خیال ہے کہ آج ہمارے اپنے پنجاب کے لوگ اس کے زیادہ مستحق ہیں۔ یہ زیادہ نہیں ہے، مگر میرے پاس بس اتنا ہی ہے۔ ہم نے1996 کے سیلاب بھی دیکھے ہیں اور جانتے ہیں کہ اس کا مطلب کیا ہوتا ہے۔ بڑے بڑے زمین دار کنگال ہو گئے تھے، عورتیں اپنی گُدڑیاں عطیہ دیتی تھیں اور بچے کھانے کے لقمے ڈھونڈتے پھرتے تھے۔رحیمی کی آواز یادوں اور عزم سے کانپ رہی تھی۔

رحیمی اکیلی نہیں ہیں۔ میوات کے گڑگاؤں، فریدآباد اور نوح تک پھیلے ہوئے علاقے کی بزرگ میو خواتین خاموشی سے قربانی اور ہمدردی کی ایک عظیم مثال قائم کر رہی ہیں۔ سہنا بلاک کے نونچرا گاؤں میں ستر اور اسی برس کی خواتین نے تقریباً 2 کلو چاندی اور 20 گرام سونا، جس کی قیمت تقریباً پانچ لاکھ روپے ہے، پنجاب کی امداد کے لیے عطیہ کر دیا ہے۔

نونےہرو گاؤں کی آسمینہ وضاحت کرتی ہیں کہ  یہ ہماری روایت ہے۔ جس طرح زیورات بیٹیوں اور بہوؤں کو دیے جاتے ہیں، اسی طرح بڑھاپے میں خیرات میں بھی دیے جاتے ہیں۔ ہم نے خود بھی سیلاب دیکھے ہیں، اس لیے محسوس ہوا کہ اس سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں ہو سکتی۔ کچھ نوجوان عورتوں نے اپنا مہر بھی عطیہ کر دیا، کچھ نے برتن اور کھانے کا سامان دیا۔میوات جو عام طور پر مویشیوں کی اسمگلنگ، سائبر کرائم یا حالیہ فرقہ وارانہ فسادات کی سرخیوں میں آتا ہے، حقیقت میں شمالی ہندوستان کے سب سے پسماندہ اور غریب اضلاع میں سے ایک ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ یہاں بھی اس وقت شدید پانی بھرا ہوا ہے۔ لیکن جب پنجاب مشکلات سے دوچار ہے تو میوات کے لوگ اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ اب تک 250 سے زیادہ ٹرک ریلیف کا سامان بھیجا جا چکا ہے اور جو چیز سب سے نمایاں ہے وہ یہاں کی خواتین کا تعاون ہے۔

پینشن کا عطیہ 

سب نے زیورات عطیہ نہیں کیے۔ کچھ خواتین اپنی بڑھاپے کی پنشن دے رہی ہیں، کچھ وہ پیش کر رہی ہیں جو ان کے ہاتھ بنا سکتے ہیں۔ تِلکپوری کی 72 سالہ مہرام فخر سے کہتی ہیں ۔پیسہ آپ کے بچے کو نہیں ڈھانپ سکتا جب وہ پانی کے پیچھے ہٹنے کے بعد سردی سے کانپ رہا ہو۔ بسکٹ بھوک نہیں مٹاتے۔ میرے پاس نہ زیور ہیں نہ پیسہ، لیکن میں علاقے کی سب سے اچھی گُدڑیاں بُنتی ہوں۔ میں نے چار گُدڑیاں بنائیں اور بھیج دیں۔ہاتھ سے بنی یہ گُدڑیاں مضبوط اوڑھنے کے کام آتی ہیں۔ خواتین روٹیاں بھی تیار کر رہی ہیں جو ہفتے بھر تک خراب نہیں ہوتیں۔ پچھلے پانچ دنوں سے مساجد میں ریلیف مہم کا اعلان ہو رہا ہے اور گاؤں کے مرد و زن، بوڑھے اور جوان، جو کچھ بھی دے سکتے ہیں، لے کر آ رہے ہیں۔

کوارڈی نیٹر عمر پرلا اور ظفر اسلم کہتے ہیں کہ میوات ہمیشہ خدمت کے لیے اٹھ کھڑا ہوتا ہے، یہ پہلی بار نہیں ہے۔ میوؤں کے پاس شاید زیادہ نہ ہو، لیکن ہم جو پاس ہے وہ بانٹتے ہیں۔ ہم پنجاب سے ایک ہی دھرم سے جُڑے ہیں – کسانیت۔ ہم جانتے ہیں کہ آج ہر کسان بھائی کس کرب سے گزر رہا ہے۔ آج ہم اپنا فرض ادا کر رہے ہیں، کل ہمیں یقین ہے کہ ہمارے کسان بھائی بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

حتیٰ کہ افسران بھی اس غیر معمولی جذبے کو تسلیم کر رہے ہیں۔ نوح کے ڈپٹی کمشنر، اکھل پلانی نے کہاکہ عوام کے جذبے نے ہمیں حیران کر دیا ہے۔ نوجوان ریلیف مہم کو منظم کر رہے ہیں اور مرد و خواتین سب اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ ریلیف کا سامان جمع کرنے اور پہنچانے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔