جگتدل پورباشا میں یادگار ادبی و شعری نشست کا انعقاد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2026
جگتدل پورباشا میں یادگار ادبی و شعری نشست کا انعقاد
جگتدل پورباشا میں یادگار ادبی و شعری نشست کا انعقاد

 



 جگتدل: جگتدل ریلوے پلیٹ فارم کے مشرقی جانب واقع نوآباد بستی پورباشا میں معروف شاعرہ انیسہ صابری کی رہائش گاہ پر ایک باوقار اور یادگار ادبی و شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ یہ نشست گریڈیہ سے تشریف لائے معزز شعرا قیصر امام قیصر اور ریاض احمد کی آمد کے موقع پر منعقد ہوئی۔

نشست کی صدارت صاحبِ کتاب، سینئر شاعر و ادیب عظیم انصاری نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض حکیم سمیع الفت نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ برسات کے موسم کے باوجود شعرا، ادبا اور ادب نواز سامعین کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔

اس موقع پر مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے قیصر امام قیصر، ریاض احمد، ڈاکٹر خورشید اقبال، مدیر آن لائن کائنات اور اردو دوست ڈاٹ کام، اور ڈاکٹر وحید الحق علیگ، پروفیسر رشی بنکم چندر کالج، کی شرکت محفل کے لیے باعثِ اعزاز رہی۔

محفل کا روح پرور آغاز محمد غلام نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرکے کیا۔ بعد ازاں نسیم اشک، ریاض احمد، خواجہ احمد حسین، حکیم سمیع الفت، انیسہ صابری، خطاب عالم شاذ، بلند اقبال، شرر راستی، علی شاہد دلکش، قیصر امام قیصر، ڈاکٹر وحید الحق، ڈاکٹر خورشید اقبال اور فیروز اختر نے اپنا منتخب کلام پیش کیا، جسے سامعین نے بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔

معروف و مستند افسانہ و افسانچہ نگار شمیم جہانگیری نے اپنا افسانچہ ’’ضرورت کی جنگ‘‘ پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور سراہا۔

نشست کے اختتام پر صدرِ محفل عظیم انصاری نے صدارتی خطاب کیا اور اپنے کلاسیکی کلام سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ بعد ازاں انیسہ صابری اور حکیم سمیع الفت نے تمام مہمانان، شعرا، سامعین اور منتظمین کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔

نشست میں خصوصی سامعین کے طور پر ماسٹر محمد ممتاز، ماسٹر محمد شمشاد، ماسٹر محمد صغیر، محمد چاند، محمد مقدر، محمد سلطان، محمد ارمان اور صابر وارثی کی شرکت بھی قابلِ ذکر رہی۔ محفل کو کامیاب بنانے میں سلیمہ صابری اور فاطمہ صابری کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

رپورٹ: صابر وارثی
وارثی گھرانہ، پورباشا