سری نگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو کہا کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج وہی سلوک برداشت کرنا پڑ رہا ہے جو ان کی حکومت نے اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ کیا تھا۔ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے عمران خان سے اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 1994 میں لندن میں ان سے ملاقات کی تھی اور ان کے عزم سے متاثر ہوئی تھیں۔
محبوبہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "میں نے پہلی مرتبہ 1994 میں لندن میں اپنے والد کے ساتھ عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ پاکستان میں مثبت تبدیلی لانے کے ان کے جذبے اور عزم نے میرے والد کو بہت متاثر کیا تھا۔ لیکن جب عمران خان وزیر اعظم بنے تو ان کی حکومت بھی اسی سیاسی کلچر کا حصہ بن گئی۔
ان کے مخالفین کے خلاف بھی اسی جوش و شدت سے کارروائی کی گئی جس کا سامنا آج انہیں خود کرنا پڑ رہا ہے۔" عمران خان کو مارچ 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ وہ مارچ 2023 سے بدعنوانی کے الزامات میں جیل میں ہیں۔