جمعیۃ علمائے ہند کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2025
جمعیۃ علمائے ہند کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس
جمعیۃ علمائے ہند کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس

 



  • مولانا محمود اسعد مدنی دوبارہ متفقہ طور پر جمعیۃ علمائے ہن کے صدر منتخب

  • کمیٹی نے مسلمانوں پر دراندازی اور آبادیاتی تبدیلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا

  • حکومت کو انتباہ: غیر مصدقہ اور فرقہ وارانہ بیانات سے گریز کرے

  • وقف ایکٹ 2025 وقف املاک کی مذہبی شناخت کے لیے سنگین خطرہ، جمعیۃ نے قانونی و جمہوری سطح پر بھرپور مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا

  • کہا: فلسطین میں امن کا قیام ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر منحصر ہے

نئی دہلی،:جمعیۃ علمائے ہند کی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اجلاس آج نئی دہلی کے آئی ٹی او واقع مدنی ہال میں جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وقف ترمیمی ایکٹ 2025، مسلمانوں پر غیر قانونی دراندازی کے الزامات، فلسطین امن معاہدہ، اور ملک کی موجودہ صورتِ حال میں مسلم اقلیتوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ جیسے اہم اور حساس موضوعات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ساتھ ہی آئندہ میعاد کے لیے جمعیۃ علمائے ہند کے مرکزی صدر کے انتخاب کا اعلان بھی کیا گیا۔

اجلاس میں ملک بھر سے جمعیۃ علمائے ہند کی مجلسِ عاملہ کے اراکین اور خصوصی مدعو نمائندوں نے شرکت کی۔ ابتدا میں جمعیۃ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے گزشتہ کارروائی پیش کی۔

اجلاس میں آئینِ جمعیۃ کے آرٹیکل 52 کے تحت نئی میعاد کے لیے صدر کے عہدے پر مولانا محمود اسعد مدنی کے نام کا متفقہ اعلان کیا گیا۔ تمام صوبائی کمیٹیوں نے ان کی صدارت کی سفارش کی تھی۔

اس طرح باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ مولانا محمود اسعد مدنی 2024-27 کی میعاد کے لیے جمعیۃ علمائے ہند کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
انتخاب کے بعد مولانا مدنی نے آئین کے مطابق عہدہ سنبھال لیا اور نئی میعاد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

اجلاس میں مختلف ریاستی یونٹوں کے انتخابات کی تفصیلات پیش کی گئیں، جنہیں منظوری دی گئی۔ دہلی، تلنگانہ اور آسام میں انتخابات مکمل نہ ہو سکنے پر تین ماہ کے اندر یہ عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

مولانا مدنی نے اپنے خطاب میں موجودہ ملکی حالات، اقلیتوں کے خلاف بڑھتے دباؤ، مذہبی علامتوں کی توہین، بلڈوزر کارروائیوں، مذہبی آزادی پر پابندی، اور حلال کے خلاف مہم جیسے معاملات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور میڈیا آئینی حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں۔ ان کا رویہ انصاف اور دیانت داری سے خالی ہے، جس کا مقصد مسلمانوں کو غلام اور دوسرے درجے کے شہری بنا دینا ہے۔ تاہم یہ امید افزا بات ہے کہ مظلوم طبقے زیادہ مستقل مزاجی سے کام کر رہے ہیں، اور جمعیۃ ان کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

مجلسِ عاملہ نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے مسلمانوں پر دراندازی اور آبادیاتی تبدیلی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ ہیں۔ جمعیۃ نے یاد دلایا کہ حکومت خود سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ میں تحریری طور پر کہہ چکی ہے کہ اس کے پاس غیر قانونی دراندازوں کے مصدقہ اعداد و شمار نہیں ہیں۔ لہٰذا یہ الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔

مجلسِ عاملہ نے اپنے قرار داد میں کہا کہ اس طرح کے بیانات کے ذریعے پورے ملک کے مسلمانوں کو مشکوک اور ناقابلِ اعتماد بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ ان کی قربانیاں اور خدمات ملک کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ جمعیۃ نے حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ غیر مصدقہ اور فرقہ وارانہ بیانات سے باز رہے اور شفاف اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھے۔

اجلاس نے وقف ایکٹ 2025 اور اُمّید پورٹل پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ وقف املاک کی مذہبی شناخت کے لیے خطرہ ہیں۔ جمعیۃ نے اعلان کیا کہ وہ اس کے خلاف آئینی، قانونی اور جمہوری سطح پر بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ ساتھ ہی تمام متولیوں اور اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی املاک کا اندراج وقت پر مکمل کریں تاکہ قانونی نقصان سے بچا جا سکے۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اندراج کی آخری تاریخ کم از کم دو سال کے لیے بڑھائی جائے۔

فلسطین سے متعلق قرارداد میں کہا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہ ہو جائے، جس کی دارالحکومت یروشلم ہو اور مسجد اقصیٰ سمیت تمام مقدس مقامات کے تحفظ کی ضمانت دی جائے۔