راجستھان میں میرٹھ جیسا معاملہ، نیلے ڈرم میں لاش برآمد

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-08-2025
راجستھان میں میرٹھ جیسا معاملہ، نیلے ڈرم میں لاش برآمد
راجستھان میں میرٹھ جیسا معاملہ، نیلے ڈرم میں لاش برآمد

 



جے پور/ آواز دی وائس 
راجستھان میں میرٹھ قتلِ عام جیسا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اتوار کو خیرتھل-تیجارہ ضلع کے کشن گڑھ باس قصبے میں تقریباً 35 سالہ ایک شادی شدہ شخص کی لاش اس کے کرائے کے مکان کی چھت پر رکھے گئے ایک نیلے ڈرم میں پائی گئی۔
نمک سے ڈھانپ دی گئی تھی لاش
رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مقتول کی بیوی، جوڑے کے تین بچے اور مکان مالک کا بیٹا ہفتے سے لاپتہ ہیں۔ مکان مالک کی بیوی متھلیش نے ڈرم سے آتی بدبو پر یہ خوفناک انکشاف کیا۔ لاش کی شناخت ہنسر اج عرف سورج کے طور پر ہوئی ہے۔ شبہ ہے کہ سڑن تیز کرنے کے لیے لاش کو نمک سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔
اصل میں اتر پردیش کے شاہجہان پور ضلع کے کھانڈے پور گاؤں کا رہنے والا ہنسر اج تقریباً چھ ہفتوں سے آدرش کالونی کے کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا اور ایک مقامی اینٹ بھٹے پر کام کرتا تھا۔
میرٹھ قتل کیس سے مماثلت
اس واقعے سے کالونی میں سنسنی پھیل گئی، کیونکہ یہ معاملہ اتر پردیش کے میرٹھ میں ہوئے ایک پچھلے واقعے سے کافی ملتا جلتا ہے، جہاں اسی سال مارچ میں ایک مرچنٹ نیوی افسر کے قتل کو مبینہ طور پر اس کی بیوی نے چھپانے کے لیے اسی طرح کا طریقہ اپنایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق خیرتھل-تیجارہ کے ایس پی منیش چودھری نے کہا كہ ہنسر اج کا قتل کرکے اس کی لاش کو نمک سے بھرے ڈرم میں رکھا گیا تھا۔ یہ ایک منصوبہ بند قتل تھا۔ مقتول کی بیوی اور دیگر افراد کی تلاش جاری ہے، جلد ہی معاملہ بے نقاب ہو جائے گا۔
اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھوایا گیا
اس انکشاف کے بعد پولیس نے بڑی پیمانے پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ کشن گڑھ باس کے ڈی ایس پی راجندر سنگھ نروان، تھانیدار جیتندر سنگھ شیخاوت اور اسسٹنٹ ایس آئی گیان چند کے ساتھ جائے واردات پر گہری جانچ کرنے پہنچے۔ مقتول کے اتر پردیش میں رہنے والے اہلِ خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے اور لاش کو کشن گڑھ باس کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھوا دیا گیا ہے۔
ہنسر اج کی بیوی سنیتا اور ان کے تین بچے   ہرشل، نندنی اور گولو   کے لاپتہ ہونے کے بعد تفتیش ایک پیچیدہ موڑ اختیار کر گئی ہے۔ اس کے علاوہ مکان مالک راجیش کا بیٹا جیتندر، جس نے ہنسر اج کو کمرہ کرائے پر دیا تھا، بھی لاپتہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جیتندر، جس کی بیوی کا 12 سال پہلے انتقال ہو گیا تھا، اکثر ہنسر اج کے ساتھ شراب پیتا تھا۔
مکان مالک کی بیوی نے بتایا کہ ہفتہ کو جب وہ جنم اشٹمی کی تقریب سے واپس آئی تو اس نے سنیتا اور اس کے بچوں کو غائب پایا۔ جیتندر بھی اس شام گھر واپس نہیں آیا۔ اگلی صبح جب بدبو آنے لگی تو اس نے چھت پر رکھے ڈرم کی جانچ کی اور پولیس کنٹرول روم کو فون کیا۔
پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نروان نے تصدیق کی کہ ہنسر اج کا گلا کسی تیز دھار ہتھیار سے کاٹا گیا تھا، جو صاف ظاہر کرتا ہے کہ یہ قتل ہے۔ پولیس قتل کے پسِ منظر اور لاپتہ خاندان کے افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔