میرٹھ:’’آئی لَو محمد‘‘کا پوسٹر،5پر ایف آئی آر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-10-2025
میرٹھ:’’آئی لَو محمد‘‘کا پوسٹر،5پر ایف آئی آر
میرٹھ:’’آئی لَو محمد‘‘کا پوسٹر،5پر ایف آئی آر

 



میرٹھ: اتر پردیش کے میرٹھ کے موانہ قصبے میں ’’آئی لَو محمد‘‘ (I Love Muhammad) کا پوسٹر لگائے جانے پر پیدا ہوئے تنازعے کے بعد پولیس نے پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے ہفتے کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق قصبے کے اہم چوراہوں پر جمعہ کی دیر رات ایک پوسٹر لگایا گیا تھا، جس پر انگریزی میں "I Love Muhammad" لکھا ہوا تھا۔

ہفتہ کی صبح جب مقامی لوگوں نے یہ پوسٹر دیکھا تو انہوں نے اس پر اعتراض ظاہر کیا اور احتجاج درج کرایا۔ معاملہ طول پکڑنے پر انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آگئے۔ موانہ تھانے کی انچارج پونم نے بتایا کہ پوسٹر لگانے کے الزام میں چوکی انچارج منوج شرما کی تحریر پر پانچ افراد — ادریس، تسلیم، ریحان، گلفام اور ہارون — کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران جن لوگوں کی بھی شمولیت سامنے آئے گی، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ افسران نے بتایا کہ تنازع کے بعد پوسٹر فوری طور پر ہٹا دیے گئے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر قصبے میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

پولیس گشت بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ کسی طرح کی افواہ سے ماحول خراب نہ ہو۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں اور کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں۔ فی الحال قصبے کا ماحول پُرامن بتایا گیا ہے۔