گورکھپور : مندر میں آرتی کے دوران خواتین پر پھینکا گیا گوشت، ملزم گرفتار

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-09-2025
گورکھپور : مندر میں آرتی کے دوران خواتین پر پھینکا گیا گوشت، ملزم گرفتار
گورکھپور : مندر میں آرتی کے دوران خواتین پر پھینکا گیا گوشت، ملزم گرفتار

 



گورکھپور/ آواز دی وائس
گورکھپور کے پپرائچ علاقے میں سَنکٹ موچن ہنومان مندر میں آرتی کے دوران ایک شخص نے خواتین پر گوشت کے ٹکڑے پھینک دیے۔ واقعے کے بعد لوگوں نے ملزم کو پکڑ لیا اور مارپیٹ کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ پیر کی شام پپرائچ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع سَنکٹ موچن مندر میں آرتی کے دوران ایک شخص نے خواتین پر گوشت کے ٹکڑے پھینک دیے۔ خواتین کے چیخنے چلّانے پر بھگدڑ مچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ مندر کے باہر موجود مقامی لوگوں نے ملزم کو پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کی۔ اسی دوران اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لوگوں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم کی شناخت اومیش یادو (35) کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نشے میں لگ رہا تھا۔ موقع پر پہنچے چوری-چورا پولیس کے سرکل آفیسر انوراگ سنگھ نے کہا کہ اومیش اپنا بیان بدل رہا ہے۔ ایک بار اس نے دعویٰ کیا کہ ایک مقامی قصاب نے اسے ایسا کرنے کے لیے کہا تھا۔
اس واقعے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ تھانے میں جمع ہو گئے اور معاملے میں مبینہ طور پر شامل دیگر لوگوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے لگے۔ پولیس نے کارروائی کی یقین دہانی کرا کے انہیں سمجھا بجھایا۔
افسران نے بتایا کہ یادو حال ہی میں حیدرآباد میں رنگ و روغن کا کام کرکے گھر لوٹا تھا۔