لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے پارٹی کے بانی کانشی رام کی 19ویں برسی کے موقع پر لکھنؤ میں منعقد ریلی کے بعد مخالف پارٹیوں پر سخت تنقید کی ہے۔ محترمہ مایاوتی نے کہا کہ صوبے کے کونے کونے سے آئے بی ایس پی کارکنوں، خصوصاً نوجوانوں اور خواتین نے جس جوش و خروش کے ساتھ پروگرام میں شرکت کی، اس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ آنے والے انتخابات میں پارٹی کو پانچویں بار اقتدار میں لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
محترمہ مایاوتی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’کارکنوں کا یہ عزم دیکھ کر مخالف پارٹیوں کی نیند اُڑ گئی ہے اور ان کے لیڈروں کی بے بنیاد بیان بازیاں اسی بے چینی کا نتیجہ ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج کے لوگ اپنے ووٹ کی طاقت سے ہی استحصال زدہ طبقوں کو اقتدار میں حصہ داری دلا سکتے ہیں اور بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خواب کو پورا کر سکتے ہیں۔
مایاوتی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مشن 2027 کے لیے تن، من اور دھن سے لگ جائیں۔