مایاوتی نے نتیش کمار کے اعلانات کو جملہ بازی قرار دیا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
مایاوتی نے نتیش کمار کے اعلانات کو  جملہ بازی قرار دیا
مایاوتی نے نتیش کمار کے اعلانات کو جملہ بازی قرار دیا

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر اور اترپردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے پیر کے روز بہار میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے کیے گئے اعلانات کو "محض جملہ بازی اور انتخابی دھوکہ" قرار دیا ہے۔ مایاوتی نے الیکشن کمیشن سے آزاد اور منصفانہ انتخابات کرانے کی بھی اپیل کی ہے، کیونکہ بہار میں آئندہ دنوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
مایاوتی نے پیر کو ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ بہار میں قانون و نظم و نسق کی ابتر صورتحال پر قومی سطح پر بحث جاری ہے، اور ممکنہ طور پر عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے این ڈی اے حکومت کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار مسلسل اعلانات کر رہے ہیں۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ نتیش کمار کی جانب سے انتخابات کے بعد حکومت بننے پر اگلے پانچ برسوں میں ایک کروڑ لوگوں کو نوکریاں اور روزگار دینے کا اعلان، عوام کے تجربات کی بنیاد پر حقیقت سے دور، ’اچھے دن‘ جیسے جملہ بازی اور انتخابی دھوکہ ہی زیادہ لگتے ہیں۔
مایاوتی نے مزید کہا کہ اگرچہ مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی وعدے، دعوے، اعلانات اور دھوکہ دہی، ساتھ ہی قانون و انتظام، اور ان کی چال، کردار و چہرے سے عوام بخوبی واقف ہیں، پھر بھی یہ مخالف پارٹیاں اپنی فریب کی سیاست کی عادت سے مجبور ہو کر انتخابات سے قبل ایسے دل لبھانے والے وعدے کرنے میں نہ تو ڈرتی ہیں، نہ ہی شرماتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہار کی موجودہ مخلوط حکومت کا روزگار کا وعدہ ان کے دیگر وعدوں سے کچھ مختلف نہیں، جسے ریاست کی عوام ماضی کے تجربے کی بنیاد پر بخوبی سمجھتی ہے۔
مایاوتی نے امید ظاہر کی کہ بہار کے عوام سمجھداری سے غریب اور سبھی طبقات کے مفاد میں حکومت کا انتخاب کریں گے۔
الیکشن میں ممکنہ دھاندلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بشرطیکہ انتخابات غنڈہ گردی، دولت کے دباؤ اور سرکاری مشینری کے غلط استعمال سے پاک ہو، اور سبھی غریب، مزدور اور محنت کش عوام کو ووٹ ڈالنے کا مکمل موقع حاصل ہو۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن اس بات کا مکمل خیال رکھے گا۔