ماویا سدان: ملک کی 12 ویں خاتون فائٹر پائلٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ماویا سدان
ماویا سدان

 

 

سری نگر: جموں وکشمیر کی رہنے والی ماویا سدان ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کی فائٹر پائلٹ بن گئی ہیں اور یہ کارنامہ انجام دینے والی وہ راجوری ضلع کی پہلی خاتون ہیں۔ راجوری میں نوشیرہ کے سیمائی تحصیل میں واقع گاوں لامبیری میں اس موقع پر خوشی کا ماحول ہے۔ ماویا سدان کی آئی اے ایف میں بطور فلائنگ آفیسر تقرری ہوئی ہے۔

 فائٹر پائلٹ کے طور پر تقرر ہونے والی ماویا سدان ملک کی 12 ویں اور راجوری ضلع کی پہلی خاتون افسر ہیں۔ ایئر چیف مارشل راکیش کمار سنگھ بھدوریا نے ہفتہ کو حیدرآباد کے ڈنڈیگل میں واقع ہندوستانی فضائیہ اکادمی میں منعقد کمبائنڈ گریجویشن پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا تھا۔

ماویا سدان کے والد ونود سدان نے اپنی بیٹی کی خاص حصولیابی پر خوشی کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا، ’میں بہت فخرکا تجربہ کررہا ہوں۔ اب وہ صرف میری بیٹی نہیں ہے، بلکہ ملک کی بھی بیٹی ہے۔ ہمیں کل سے ہی مسلسل مبارکبادی کے پیغامات مل رہے ہیں‘۔

فائٹر پائلٹ کی بہن مانیتا سدان جو کہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائن میں بطور جونیئر انجینئر کام کرتی ہیں، نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ اپنے اسکول کے دنوں سے ہی ماویا سدان کا جھکاو ہندوستانی فضائیہ کی طرف تھا اور وہ ہمیشہ سے ہی فائٹر پائلٹ بننا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا، ’مجھے اپنی چھوٹی بہن پر بے حد فخر ہے۔ بچپن سے اس کا یہی خواب تھا۔ مجھے مکمل یقین ہے کہ جلد ہی وہ بہادری کا اعزاز بھی اپنے نام کے ساتھ جوڑے گی۔ یہ صرف ایک آغاز ہے۔ ہر کوئی اس کے ساتھ اپنی بیٹی کی طرح برتاو کر رہا ہے۔ پورے ملک سے لوگ اس کی نہ صرف حمایت کر رہے ہیں، بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔ یہ ہر کسی کے لئے ایک ترغیب دینے والی کہانی ہے‘۔

 ماویا سدان کی ماں سشما سدان نے کہا، میں بے حد خوش ہوں کہ اس نے سخت محنت کی اور اپنے ہدف کو حاصل کیا۔ اس نے ہمیں فخر کرنے کا تجربہ کرایا ہے۔ وہیں ماویا کی دادی پشپا دیوی نے کہا، ’گاوں میں ہر کوئی اس کی خبر سن کر خوش ہے‘۔