بریلی/ آواز دی وائس
بریلی کی ایک عدالت نے بریلی فسادات کے ملزم مولانا توقیر رضا اور ندیم خان کو ایک-ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر مشروط ضمانت دے دی۔ یہ معلومات جمعہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایڈووکیٹ نے فراہم کیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایڈووکیٹ مہیش سنگھ یادو نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے اپنے وکلاء کے ذریعے ایڈیشنل سیشن جج امریتا شکلہ کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے جمعرات کو مشروط ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان تفتیشی افسر کی اجازت کے بغیر شہر نہیں چھوڑ سکیں گے۔ اگر ملزمان تفتیش میں تعاون نہیں کرتے تو تفتیشی افسر کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ عدالت میں ان کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے درخواست دے۔
۔26 ستمبر کو ویمن پولیس اسٹیشن کی سب انسپکٹر کومل کنڈو نے توقیر رضا، ندیم اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مولانا توقیر رضا کو اب تک چار مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے، لیکن وہ ابھی بھی جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ چھ دیگر مقدمات میں ان کی ضمانت زیرِ التواء ہے۔
بریلی میں 26 ستمبر کو مبینہ طور پر ‘آئی لو محمد’ پوسٹر سے متعلق تنازع پر تشدد بھڑک اٹھا تھا۔ پولیس کے مطابق شہر کے کئی مقامات پر ہجوم نے جمع ہوکر پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم پھینکے، پتھراؤ کیا، فائرنگ کی اور دنگا کنٹرول اسلحہ سمیت دیگر سامان لوٹ لیا۔
اس تشدد میں 24 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ اس رات کو توالی، بارادری، پریم نگر، چھاؤنی اور قلعہ تھانوں میں 10 مقدمات درج کیے گئے۔ کو توالی اور بارادری کے دو سنگین مقدمات کی تفتیش کرائم برانچ کو دی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں ابتدا میں 19 ملزمان کے نام درج کیے گئے تھے، جبکہ تفتیش کے دوران 55 مزید نام سامنے آئے۔ ان میں سے 38 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے۔
پولیس کے مطابق، مولانا رضا اس وقت فتح گڑھ جیل میں بند ہیں، جبکہ نفیِس اور کئی دیگر ملزمان بریلی جیل میں قید ہیں۔