قوم کو تعلیم کے میدان میں اوپر اٹھانا وقت کی اہم ضرورت: مولانا شبلی القاسمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
مولانا شبلی القاسمی
مولانا شبلی القاسمی

 

قوم کو تعلیم کے میدان میں اوپر اٹھاناوقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔کسی بھی قوم کی پہچان اور تشخص کا بڑاحصہ اس کی زبان سے وابستہ ہے،اسی طرح اردو ہماری شناخت سے جڑی ہوئی ہے۔ اس لیے اردو زبان کا تحفظ ہمارے لیے لازمی ہے۔ ان خیالات کااظہار مولانا شبلی القاسمی نے امارت شرعیہ کے تعلیمی تحریک برائے ترغیب تعلیم اورتحفظ اردوکے تحت مشاورتی مجلس الحرا پبلک اسکول پٹنہ میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ امارت شرعیہ نے ہمیشہ ملی و قومی مسائل پر گہری نظر رکھی ہے۔ قوم کے سامنے اس کو اٹھایا ہے اورباہمی طور پر اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دین اورایمان کی حفاظت اور تہذیب و شناخت کے تحفط کے لیے سب سے بڑا کردارتعلیم کا ہے۔

اس موضوع پر پروفیسر اعجاز علی ارشد نے کہاکہ اس تحریک نے ہم سب کو حوصلہ دیا ہے۔ امار ت شرعیہ نے اس تحریک کو صحیح وقت پر شروع کیا ہے،لیکن اس تحریک کو پایہ ٔ تکمیل تک پہنچانے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کرنی ہوگی اورمسلسل جدوجہد کرنی پڑے گی۔ اس میں ہمیں ناکامی بھی ہو سکتی ہے، لیکن اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ آنےوالی نسلوں کو بہر حال اس سے فائدہ ہوگا۔ الحرا ء پبلک اسکول کے استاد نے اردو کی ترقی کے لیے کئی تجاویز پیش کرتےہوئے کہاکہ اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے اوراخبار ورسائل ، اردو میں بینر و اشتہارات اور شادی پر دعوت نامے چھپوانے کی مہم شروع کی جانی چاہیے۔ بہار رابطہ کمیٹی کے سکریٹری افضل حسین نے نئے اداروں کے قیام کے ساتھ پرانے اداروں کی جدید کاری کی ضرورت پر ز وردیا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں مسلم بچوں کو زیادہ سے زیادہ داخلہ دلانے کی کوشش کی جائے۔ صحافی ریاض عظیم آبادی نےکہاکہ اردو والے نے خود ہی اردو کے ساتھ سوتیلا برتاؤ کر رہے ہیں۔ گھروں میں اردو کا چلن رائج کیا جائے۔آل انڈیا مسلم مجلس مشاورتی بہار کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر انوار الہدیٰ نے مسلم بچوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سرکاری ملازمتوں کے مقابلہ جاتی امتحان میں شریک ہوں۔