مولانا خالدسیف اللہ رحمانی مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-06-2023
مولانا خالدسیف اللہ رحمانی مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب
مولانا خالدسیف اللہ رحمانی مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب

 

 اندور:مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو اتفاق رائے سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا صدر منتخب کر لیا گیا -بورڈ کے زیادہ تر ارکان کی غیر رسمی مشاورت میں ان کے نام پر گفتگو ہوچکی تھی آج اس پر مہر لگ گئی-

بورڈ کی صدارت کے لئے مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب (مہتمم دارالعلوم موقف دیوبند) کی جانب سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا نام پیش کیا گیا ہے، جس کی تمام تنظیموں جمعیۃ علماء ہند، جماعت اسلامی ، جمعیۃ اہل حدیث کے ساتھ مولانا توقیر رضا خان، مولانا محمود مدنی، مولانا شاہد حسنی سمیت تقریباً 25 سے زائد سرکردہ ممبران نے تائید وحمایت کی ـ

ان کے علاوہ مولانا محمود احمد خاں دریابادی، مولانا سجاد نعمانی، ڈاکٹر ظہیر قاضی وغیرہ نے بھی تائید کی۔ اس تائید وحمایت کے بعد اتفاق رائے سے اراکین نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیا۔

اجلاس میں مولانا فضل رحیم مجددی، مولانا سفیان قاسمی، امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی ،مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، ممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی ، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس سمیت دیگر عاملہ اراکین ومدعوئین موجود تھے۔

 مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اس سے قبل جنرل سکریٹری کی ذمہ داری ادا کر رہے تھے جب کہ مولانا فضل الرحیم مجددی سکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اسلامک فقہ اکیڈمی آف انڈیا کے سکریٹری جنرل ہیں اور ساتھ ہی معہد العالی کے سربراہ ہیں۔ جب کہ مولانا فضل الرحیم مجدد جامعتہ الہدایہ جے پور کے سربراہ، عبدالرحیم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیرمین اور کریسنٹ آئی اے ایس اکیڈمی کے بھی چیرمین ہیں۔ ان کی نگرانی میں درجنوں اسکول کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو کے ناظم مولانا سید رابع حسنی ندوی کی جگہ لی ہے، جن کا گزشتہ اپریل میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کے انتقال کی وجہ سے یہ جگہ خالی ہوگئی تھی اور صدر کا انتخاب ناگزیر ہوگیا تھا۔اس مجلس عاملہ کے اہم شرکاء میں مولانا سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند،مولانا محمود اسعد مدنی،مولانا فضل الرحیم مجدددی، مولانا سید بلال حسنی ندوی، مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی، مولانا خالد رشید فرنگی محلی، مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، مولانا توقیر رضا، رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی اور ایڈووکیٹ شمشاد احمد وغیرہ شامل تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم پرسنل لابورڈ کے اجلاس سے میڈیا کو دور رکھا گیا ہے۔ تفصیلی اطلاعات بورڈ کی طرف جاری پریس ریلیز میں دی جائے گی

مولانا ارشد مدنی ناسازی طبع کے سبب اجلاس میں شرکت سے معذرت کرچکے تھے

بورڈ میں منتخب عہدیداران کے نام

صدر: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی 

جنرل سیکرٹری : مولانا فضل الرحیم مجددی

سیکریٹریز: مولانا عمرین محفوظ رحمانی, مولانا سید بلال حسینی,  مولانا یسین علی, عثمانی , مولانا احمد فیصل رحمانی 

ترجمان: ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس

معاون ترجمان: کمال فاروقی