جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے ناظم اعلیٰ مولانا ابوبکر قاسمی کا انتقال

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2021
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے ناظم اعلیٰ مولانا ابوبکر قاسمی
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے ناظم اعلیٰ مولانا ابوبکر قاسمی

 

 

 نئی دہلی

جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے ناظم اعلیٰ اور قاضی شہر رانچی مولانا ابوبکر قاسمی نے مختصر علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہا۔وہ اکسٹھ سال کے تھے، مولانا مرحوم دارالعلوم دیوبند سے فارغ التحصیل تھے، اس کے بعد رانچی یونیورسٹی سے ایم اے اور گولڈ میڈلسٹ ہوئے۔ تقریبا 40/سالوں سے جامعہ حسینیہ کڈرو رانچی میں استاذ حدیث و فقہ تھے۔وہ شہر رانچی کے رجسٹرڈ قاضی تھے، نیز محکمہ شرعیہ امارت شرعیہ ہند کی طرف سے بھی قضا کی ذمہ داری ادا کررہے تھے۔2009ء میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے علیحدہ قیام سے تا دم واپسیں، اس کے ناظم اعلی رہے۔13/ اپریل کو مختصر علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہا، نماز جنازہ آج (14/اپریل کو) مولانا اسرارالحق قاسمی صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی امامت میں ادا کی گئی اوررانچی کے قبرستان میں تدفین ہوئی۔مولانا مرحوم اصلاً بھیروا بسفی بلاک ضلع مدھوبنی بہار کے رہنے والے تھے۔

ان کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نے گہرے قلق کا اظہار کیا ہے۔مولانا مرحوم جمعیۃ علماء ہند کے بے لوث خادم تھے،، ان کو جمعیۃ علماء ہند سے مچھلی اور پانی جیسا رشتہ تھا۔وہ ریاست میں تنظیم کے استحکام پر شب و روز کام کررہے تھے۔موجودہ ٹرم میں مختلف اضلاع میں انھوں نے تنظیم کی تشکیل نو کی ذمہ داری اد اکی، سال گزشتہ رانچی میں کرونا کے الزام میں گرفت میں آئے تبلیغی جماعت کے احباب کی انھوں نے بے مثال خدمت انجام دی۔ ان کی وفات سے ریاست میں تنظیمی سطح پر بالخصوص اور ملی سطح پر بالعموم پر بڑا خلاپیدا ہوا ہے۔

صدر جمعیۃ علماء ہند نے مولانا مرحوم کے جملہ اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کی ہے اور دعاء گو ہیں کہ اللہ رب العزت مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء کے جمیع احباب سے گزارش ہے کہ مولانا مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام کریں۔

دریں اثناء آج بعد نماز ظہر دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی میں مولانا مرحوم کے لیے ایصال ثواب کی مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں دفتر جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران اور اسٹاف شریک ہوئے۔ اس موقع جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی صاحب کی صحت یابی کے لیے دعائے یونس کا بھی اہتمام کیا گیا۔